ایک نیوز:امریکی محکمہ خارجہ نےکہاہےکہ امریکا چیئرمین تحریک انصاف اور سابق پاکستانی وزیر اعظم عمران خان کے خلاف کسی سازش میں ملوث نہیں۔
ترجمان امریکی محکمہ خارجہ میتھیو ملر نے پریس کانفرنس میں کہا کہ پاکستان کے حوالے سے امریکا پر لگائے جانے والے الزامات جھوٹے ہیں اوربےبنیادہیں۔
ترجمان امریکی محکمہ خارجہ سے صحافی کی جانب سے سوال کیا گیا کہ خفیہ کیبل سے متعلق خبر آئی ہے کہ امریکا نے چیئرمین تحریک انصاف اور سابق وزیر اعظم عمران خان کو ہٹانے کیلئے پاکستان پر دباؤ ڈالا۔
تاہم ترجمان نے مبینہ کیبل پر تبصرے کرنے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی سفارت کاروں کے ساتھ ہونے والی نجی گفتگو پر بات نہیں کر سکتے ۔
غیر ملکی صحافی نے سوال کیا کہ آپ کا مطلب یہ ہے کہ امریکا نے یہ نہیں کہا کہ عمران خان کو جانا چاہیے؟ ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نے کہا کہ قریب قریب یہی مطلب ہے ۔
میتھیو ملر نے کہا کہ سامنے آنے والی دستاویزات بھی ثابت نہیں کرتیں کہ امریکا نے کسی پاکستانی رہنما کا انتخاب کیا یا نہیں۔ہم نے سابق وزیر اعظم پاکستان کے دورہ روس پر تشویش کا اظہار کیا تھا، سابق وزیر اعظم پاکستان نے روس کے یوکرین پر حملے والے دن دورہ کیا۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی متعلقہ جمہوری اصولوں، انسانی حقوق اور قانون کی حکمرانی کا مطالبہ کرتے ہیں، پاکستانی حکومت کے ساتھ براہ راست بات چیت جاری رکھیں گے۔
امریکاپرپاکستان بارےلگائےجانیوالےالزامات بےبنیادہیں،میتھیو ملر
Aug 10, 2023 | 03:44 AM