ایک نیوز نیوز: سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہےکہ فوج کے خلاف جو بھی بات کرے ان کی مذمت کرتے ہیں جبکہ شہباز گل کی گرفتاری غیرقانونی ہے۔
سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے پشاور میں میڈیا سےگفتگو کے دوران ممنوعہ فنڈنگ کیس میں الیکشن کمیشن کے فیصلے اور ایف آئی اے کے نوٹس پر کہا کہ یہ ایف آئی اے کا اختیار نہیں ہے۔
اسد قیصر نے کہا کہ اکاؤنٹ ہم نےصرف سہولت کے لیے کھولا تھا اور یہ غیرقانونی نہیں ہے،اکاؤنٹ ملازمین کی تنخواہوں اور دفترکے اخراجات کے لیے کھولا تھا، اکاؤنٹ سے رقم جمع اور نکالنے کے تمام امور بذریعہ چیک ہوئے ہیں،اکاؤنٹ سے 6 سال میں صرف 21 لاکھ روپےکی ٹرانزیکشن ہوئی۔
اسد قیصر کا کہنا تھا کہ پارٹی اس وقت ایک تحریک کے عمل سے گزر رہی ہے، ہم کسی کے غلام نہیں بلکہ آزاد خارجہ پالیسی چاہتے ہیں۔
اسد قیصر نے شہباز گل سے متعلق کہا کہ فوج کےخلاف (ن) لیگ، مولانا فضل الرحمان نے جو لہجہ استعمال کیا ان کیخلاف بھی پرچے ہونے چاہئیں، قانون سے کوئی بھی بالا تر نہیں، فوج کیخلاف جو بھی بات کرے ان کی مذمت کرتے ہیں۔ شہباز گل کی گرفتاری غیر قانونی ہے، ان کیخلاف ثبوت ہے توعدالت میں پیش کیا جائے،عدالت میں اس کا فیصلہ ہو۔