ایک نیوز نیوز: دنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک ٹوئٹر ڈیل پرمشکل میں، ٹیسلا کے 6.9 ارب ڈالر کے شئیرزفروخت کردئیے ۔
دنیا کی سب سے مقبول ترین الیکٹرک گاڑی ٹیسلا کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ایلون مسک نے ٹوئٹر کی عدالتی جنگ ہارنے کی صورت میں پیش بندی کرتے ہوئے کمپنی کے 6.9 ارب ڈالر کے حصص فروخت کردئیے ہیں ۔
انہوں نے رات گئے ایک ٹویٹ میں کہا’’ اس کا امکان تو نہیں، ٹوئٹر کی جانب سے اس معاہدے کو فائنل کرنے کی صورت میں فنڈز کا بندوبست کرنا ضروری تھا تاکہ ٹیسلا اسٹاک کوہنگامی فروخت نہ کرنا پڑے‘‘۔
یادرہے ایلون مسک نے گذشتہ ماہ ٹویٹر کو 44 بلین ڈالر میں خریدنے کا اپنا 25 اپریل کا معاہدہ ختم کردیا تھا۔ جس پر ٹوئٹر نے مسک کے خلاف مقدمہ دائر کررکھا ہے۔ ایلون مسک کا دعوی تھا کہ انہیں سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر اسپام اکاؤنٹس کی تعداد کے بارے میں گمراہ کیا گیا تھا ۔ دونوں فریق 17 اکتوبر کو مقدمے کی سماعت میں شریک ہوں گے۔
دنیا کے امیر ترین شخص مسک نے اپریل میں ٹیسلا کے 8.5 بلین ڈالر کے حصص فروخت کیے اور اس وقت کہا تھا کہ مزید فروخت کا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔ لیکن اس کے بعد سے، قانونی ماہرین نے مشورہ دیا تھا کہ اگر مسک کو حصول مکمل کرنے یا سخت جرمانے کے ساتھ تنازعہ طے کرنے پر مجبور کیا جاتا ہے، تو وہ ٹیسلا کے مزید حصص فروخت کر سکتا ہے۔
اسٹاک ایکسچینج ریکارڈ کے مطابق مسک نے اگست 5 اور اگست 9 کے درمیان تقریباً 7.92 ملین شیئرز فروخت کیے تھے۔ رائٹرز کے حساب سے اب وہ 155.04 ملین ٹیسلا حصص یا آٹو میکر کے 15% سے کم کے مالک رہ گئےہیں۔ انہوں نے ایک سال سے بھی کم عرصے میں ٹیسلا اسٹاک کے 32 بلین ڈالر کے شئیرز فروخت کئے ہیں۔ ایلون مسک نے یہ اشارہ بھی دیا ہے کہ وہ ایکس ڈاٹ کام کے نام سے اپنا سوشل میڈیا پلیٹ فارم بھی شروع کر سکتے ہیں۔