حضرت عمر فاروق رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے یوم شہادت کے موقع پر ملک بھر میں مختلف جماعتوں و مسالک کی جانب سے جلسے، سیمینار اور تقریبات منعقد کی جائیں گی جن میں مقررین خلیفہ دوم امیر المومنین سیدنا حضرت عمر بن الخطاب ؓ کے فضائل و مناقب، سیرت و کردار، بے مثال فتوحات اور ان کے سنہرے کارناموں پر روشنی ڈالتے ہوئے ان کو خراج عقیدت پیش کریں گے۔
حضرت سیدنا عمر فاروق رضی اللہ تعالیٰ عنہ مکہ مکرمہ میں پیدا ہوئے، آپ کا نام عمر بن خطاب، لقب 'فاروق اور کنیت 'ابو حفصہ تھی۔حضورﷺ کی جانب سے نبوت کے اعلان کے چھٹے سال حضرت عمرؓ نے 35 برس کی عمر میں اسلام قبول کیا ۔ حضورﷺ نے حضرت عمر یا ابو جہل میں سے کس ایک کے مسلمان ہونے کے لیے خود دعا مانگی۔آپ کے اسلام لانے کے بعد مسلمانوں نے پہلی بار خانہ کعبہ میں نماز پڑھی۔
حضرت ابو بکر صدیق رضی اللہ عنہ کی وفات کے بعد آپ مسلمانوں کے دوسرے خلیفہ بنے۔ تقریباً 11 سالہ دور حکومت میں حضرت عمر نے اسلامی سلطنت کا دائرہ 22 لاکھ مربع میل تک پھیلادیا۔ مسلمانوں نے جنگ قادسیہ اور جنگ یرموک میں بیک وقت اس وقت کی سپر پاور رومن اور ساسانی سلطنت کو شکست دی آپ ہی کے دور میں پہلی بار بیت المقدس فتح ہوا۔