ایک نیوز:پنجاب میں علیحدگی پسند سکھ رہنما امرت پال سنگھ کے قریبی ساتھی پپل پریت سنگھ کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس کے کاؤنٹر انٹیلی جنس یونٹ نے پپل پریت سنگھ کو شہر ہوشیار پور سے گرفتار کر لیا ہے۔ امرت پال سنگھ کو تاحال گرفتار نہیں کیا جا سکا ہے۔ سکھ تنظیم اکال تخت کو بٹھینڈا میں بیساکی کے موقع پر ’سربت خالصہ‘ کا اجتماع کرنے کی اپیل کر رکھی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس نے 14 اپریل تک پنجاب میں پولیس کی چھٹیاں منسوخ کر دی ہیں اور انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔اکال تخت کے سربراہ نے گیانی ہرپریت سنگھ نے امرت پال سے اپیل کی ہے کہ وہ پولیس کے سامنے سرینڈر کر دیں۔
امرت پال کی اپیل کے بعد شرومانی گرودوارا پربندھک کمیٹی نے کہا ہے کہ صرف اکال تخت کے سربراہ کو ایسا اجتماع کرنے کی اجازت دینے کا فیصلہ کرنے کا اختیار ہے۔
امرت پال نے ویڈیو بیان میں کہا تھا کہ وہ مفرور نہیں ہیں اور جلد ہی دنیا کے سامنے پیش ہوں گے۔ جو لوگ سمجھتے ہیں اپنے ساتھیوں کو چھوڑ کر بھاگ گیا ہوں وہ ذہن سے یہ بات نکال دیں۔
خیال رہے کہ پولیس امرت پال کو 18 مارچ سے ڈھونڈ رہی ہے لیکن تاحال انہیں گرفتار نہیں کیا جا سکا۔