پنجاب انتخابات: ریٹرننگ و ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران کو مجسٹریٹ کے اختیار تفویض

Apr 10, 2023 | 13:19 PM

Hasan Moavia

ایک نیوز:  پنجاب میں ریٹرننگ و ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران کو مجسٹریٹ کے اختیار تفویض کردیئے گئے جس کا نوٹیفیکشن جاری ہوگیاہے۔

رپورٹ کے مطابق سپریم کورٹ نے پنجاب اسمبلی کے عام انتخابات کیلئے 14 مئی کو پولنگ کا حکم دیا تھا جس پر الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے  تیاریاں شروع کردی گئی ہیں۔الیکشن کمیشن نے پنجاب میں عام انتخابات کیلئے ریٹرننگ اور ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران کو مجسٹریٹ کے اختیار تفویض کردیئے ہیں جس کا نوٹیفیکشن بھی جاری کردیا گیا۔

ای سی پی کے مطابق پنجاب میں ریٹرننگ و ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران کو مجسٹریٹ درجہ اوّل کے اختیارات حاصل ہوں گےجبکہ دوسری طرف الیکشن کمیشن نے انتخابی عمل کی رپورٹنگ اور نگرانی کے لیے غیرملکی مبصرین اور رپورٹرز کے لیے 30 نکاتی کوڈ آف کنڈکٹ جاری کردیا ہے تاکہ شفاف اور غیرجانب دار انتخابات یقینی بنائے جائیں۔الیکشن کمیشن کا کوڈ آف کنڈکٹ بین الاقوامی اخباروں، چینلز اور صحافیوں کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس اور دیگر سوشل میڈیا کے کارکنوں پر بھی لاگو ہوگا۔

اس حوالے سے کہا گیا کہ بین الاقوامی مبصرین اور صحافیوں کو ویزے کے لیے قواعد کی پیروی کرنی چاہیے اور پاکستان کی خود مختاری، شہریوں کے حقوق اور آزادی کا احترام کرنا ہوگا۔ ویزے کی مدت سے زائد عرصے ملک میں قیام نہیں کرسکتے ہیں۔الیکشن کمیشن نے کہا کہ ہر وقت شناختی بیجز آویزاں کریں اور جب ضرورت ہو دکھادیں، کسی سیاسی جماعت یا امیدواروں کی جانب داری یا ترجیح کے بجائے سیاسی غیرجانب داری کا مظاہرہ کریں۔

انتخابی کوڈ آف کنڈکٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ تصاویر لیتے ہوئے فوٹوگرافی اور محدودات کے قواعد پر عمل درآمد کریں۔ انتخابی عمل پر خلل ڈالے بغیر سوالات پوچھیں، دیگر مبصرین، میڈیا اور انتخابی عملے کے ساتھ دوستانہ انداز میں کام کریں۔انتخابات سے منسلک کسی سیاسی جماعت، تنظیم یا فرد سےتحائف یا فائدہ لینے سے گریز کریں۔ کسی جماعت کی مناسبت سے رنگ یا نشانات پہننے یا ساتھ رکھنے سے گریز کریں، تبصروں میں ذاتی جملے ادا کرنے یا میڈیا کو نتائج دینے سے گریز کریں۔

الیکشن کمیشن نے ہدایات دی ہیں کہ کسی سیاسی جماعت یا امیدواروں کی حمایت یا مخالفت کے حوالے سے سرگرمیوں میں ملوث نہ ہوں۔ عالمی میڈیا کا مواد پاکستان کے امن و استحکام کے لیے خطرہ نہ بنیں یا کسی گروپ اور فرد کے خلاف نفرت یا کشیدگی پر اکسانے سے پرہیز کریں۔ امیدواروں، سیاسی جماعتوں پر صنفی، مذہبی، فرقے یا نسلی بنیاد پر ذاتی حملوں سے گریز کریں۔

کوڈ آف کنڈکٹ میں بتایا گیا ہے کہ کوئی مواد نشر یا شائع نہیں ہوگا جو کسی سیاسی جماعت یا امیدوار کے خلاف براہ راست عوامی رائے ہموار کرے، ووٹرز پر اثر ڈالنے والے سروے یا پولز سے اجتناب کریں اور صرف الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری سرکاری انتخابی نتائج جاری کریں۔

مزیدخبریں