سینیٹ اجلاس:ایک ہی روز انتخابات سےمتعلق قرارداد متفقہ طور پر منظور

سینیٹ اجلاس:ایک ہی روز انتخابات سےمتعلق قرارداد متفقہ طور پر منظور
کیپشن: سینیٹ اجلاس:ایک ہی روز انتخابات سےمتعلق قرارداد متفقہ طور پر منظور

ایک نیوز: سینیٹ میں ملک بھر میں ایک ہی روز انتخابات سےمتعلق قرارداد متفقہ طور پر منظورکرلی گئی۔

تفصیلات کے مطابق چیئرمین صادق سنجرانی کی زیرصدارت سینیٹ کا اجلاس جاری ہے، حکومتی اتحادی سینیٹر طاہر بزنجو نے ملک بھر میں ایک ہی روز انتخابات کرانے کی قراردادپیش کی۔

قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ ملک میں معاشی استحکام کیلئے سیاسی استحکام ضروری ہے،تمام انتخابات بیک وقت ہونے ضروری ہیں،صر ف پنجاب میں الیکشن کرانے سے دیگر چھوٹے صوبوں پر منفی اثرات مرتب ہونگے،سینیٹر طاہر بزنجو کی ملک بھر میں ایک ہی روز انتخابات سے متعلق قرارداد متفقہ طور پر منظورکرلی گئی،پی ٹی آئی کے سینیٹرز پہلے واک آﺅٹ کر گئے تھے۔

 پاکستان تحریک انصاف نے ملک بھر میں ایک ہی روز انتخابات سے متعلق سینیٹ میں منظور ہونے والی قرارداد کو مسترد کردیا، پی ٹی آئی سینیٹر شہزاد وسیم نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ یہ سینیٹ میں واردات ہوئی ہے، ہم اس قرارداد کو مسترد کرتے ہیں،پاکستان نے آئین کیساتھ چلنا ہے ان کی خواہشات کے تحت نہیں۔

پی ٹی آئی سینیٹر شہزاد وسیم نے کہاکہ پہلی قراردادوں میں بھی آئین کے آرٹیکلز کی دھجیاں اڑائی گئیں،انہوں نے اداروں کو کسی قابل نہیں سمجھا، پارلیمنٹ کا بیڑہ غرق کیا۔آپ نے آج اپوزیشن اور پاکستان کی آواز پر چھرا گھونپا، اس قرارداد کی اوقات کاغذ کے ٹکڑے سے زیادہ نہیں،اس وقت قانون سازی کے نام پر ظلم ہورہا ہے۔