ایس ایچ او عامر شہزاد کی اچانک موت،عمران خان کاتحقیقات کامطالبہ

Apr 10, 2023 | 12:16 PM

JAWAD MALIK

ایک نیوز: چیئرمین تحریک انصاف اور سابق وزیراعظم عمران خان نے ایس ایچ او عامر شہزاد کی اچانک موت کی انکوائری کا مطالبہ کر دیاہے۔

تفصیلات کے مطابق عمران خان کا کہناہے کہ عامر شہزاد نے مجھ پر وزیرآباد قاتلانہ حملے کی ایف آئی آر درج کروائی تھی،عامر شہزاد قتل کی سازش کے پیچھے سازشیوں کو بے نقاب کرنے کا اہم گوا ہ تھا،جے آئی ٹی وزیر آباد قاتلانہ حملے کی سازش کی انکوائری کر رہی ہے،جے آئی ٹی کے ریکارڈ سے بھی چھیڑ چھاڑ کی گئی ہے،ایف آئی اے کے تفتیش کار ڈاکٹر رضوان کی موت کے حالات پر نظر دہرانا ضروری ہے،مقصو د چپڑاسی کی موت کے پر اسرار حالات پر بھی نظر دہرانے کی ضرورت ہے،شہبازشریف کے منی لانڈرنگ کیس میں دیگر گواہوں کی موت کے حالات پر بھی نظر دہرانا ضروری ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان پر وزیرآباد میں ہونے والے حملے کے خلاف دائر مقدمے میں مدعی پولیس افسر دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگئے تھے۔

خاندانی ذرائع نے بتایا تھا کہ ایس ایچ او  وزیرآباد پولیس اسٹیشن سب انسپکٹر عامر شہزاد بھدر گجرات کے قصبے کھاریاں کے قریب اپنے آبائی گاؤں بھدر میں اپنے گھر میں موجود تھے جہاں ان کی طبیعت ناساز ہوئی۔انہیں کھاریاں کمبائنڈ ملیٹری ہسپتال (سی ایم ایچ) منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے بتایا کہ وہ پہلے ہی دم توڑ چکے تھے۔

رپورٹ کے مطابق 35 سالہ مرحوم پولیس افسر نے اہلیہ اور ایک بیٹے کو سوگوار چھوڑا ہے۔پولیس افسر کی نماز جنازہ میں بڑی تعداد میں ضلعی انتظامیہ کے سینئر عہدیداروں، پولیس افسران اور تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔سب انسپکٹر عامر شہزاد بھدر کو اتوار کی رات گئے گاؤں بھدر کے مقامی قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا تھا۔

مزیدخبریں