ایک نیوز: لاہور، گرین ٹاون میں صبح سویرے ناکہ لگا کر لوٹ مار کرنے والے 2 ڈاکو پولیس مقابلے میں شدید زخمی حالت میں گرفتار ہو گئے۔
رپورٹ میں میواں والی پلی نزد ہائیکورٹ سوسائٹی گرین ٹاؤن میں ڈاکو ناکہ لگا کر لوگوں کو لوٹ رہے تھے کہ پولیس موقع پر پہنچی ۔ ڈاکوؤں نے پولیس پارٹی کو دیکھ کر ان پر فائرنگ شروع کر دی۔ پولیس کی جوابی فائرنگ سے 2 ڈاکو زخمی ہو گئے۔ ڈاکوؤں کی شناخت شفیق اور عمران نے نام سے ہوئی ہے۔ ڈاکوؤں کو زخمی حالت میں جناح ہسپتال پہنچا دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ منڈی عثمان والا میں بھی پولیس مقابلہ دیکھنے میں آیا تھا جس میں 2 ڈاکوں مقابلہ میں زخمی حالت میں گرفتار ہوئے تھے۔ ڈاکوؤں کی شناخت ثاقب عرف ساقی اور ساجد عرف سجاد کے ناموں سے ہوئی تھی اور دونوں ڈاکو ڈکیتی،راہزنی اور پولیس مقابلہ کی 40 سے زائد سنگین وارداتوں میں پولیس کو مطلوب تھے۔فیاض نامی شہری نے 15پر پولیس کو اطلاع دی کہ 4 ڈاکو موٹرسائیکل اور نقدی رقم چھین کر فرار ہو گئے ہیں جس پر تھانہ منڈی عثمانوالا پولیس نے فوری ریسپونڈ کرتے ہوئے گاڑے والا روڈ پر ناکہ بندی کی۔
ڈاکوؤں نے پولیس پارٹی کو دیکھ کر مختلف اطراف سے سیدھی فائرنگ شروع کردی۔ڈاکوؤں کی اپنی فائرنگ سے دو ساتھی ڈاکو زخمی ہو گئے جن سے ایک موٹرسائیکل برآمد کر لی گئی تھی۔ برآمد ہونے والی موٹر سائیکل ملزمان نے چند روز قبل تھانہ کھڈیاں کے علاقہ سے شہری سے چھینی تھی۔ ملزمان نے ایک ماہ قبل پوسٹ آفس عثمانوالا میں واردات اور چند روز قبل الہ آباد پولیس کیساتھ مقابلہ کیا تھا۔ کالر کی موٹر سائیکل چھین کر فرار ہونے والے ڈاکوؤں کو شناخت کرلیا گیا تھا۔