ایک نیوز: وفاقی کابینہ نے پنجاب میں الیکشن کے فنڈز کا معاملہ پارلیمنٹ کو بھیجنے کی منظوری دے دی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس ہوا جس میں پنجاب الیکشنز کے لیے فنڈز سے متعلق سمری پیش کی گئی۔
ذرائع کے مطابق وزارت خزانہ نے گزشتہ روز کے کابینہ اجلاس کی روشنی میں فنڈز سے متعلق سمری آج کابینہ اجلاس میں پیش کی جس کی کابینہ نے منظوری دے دی۔سمری کی کابینہ سے منظوری کے بعد اب پنجاب میں الیکشن کمیشن کو فنڈز جاری کرنے سے متعلق فیصلہ پارلیمنٹ کرے گی۔
اس حوالے سے وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو فنڈز دینےکامعاملہ پارلیمنٹ کو ریفر کردیا ہے، یہ معاملہ بل کی صورت میں پارلیمنٹ میں آئے گا۔
دریں اثناء وزیراعظم شہباز شریف لاہور سے اسلام آباد کے لیے روانہ ہوگئے ہیں،وزیراعظم شہباز شریف خصوصی پرواز کے ذریعے اسلام آباد روانہ ہوئے ہیں۔
ادھر وزیراعظم شہباز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں لکھا ہے کہ پاکستان کا آئین ہمارے قومی کردار، شناخت اور مستقبل کی سمت کو تشکیل دینے میں مرکزی حیثیت رکھتا ہے۔ وقت آ گیا ہے کہ پارلیمنٹ کو قومی زندگی کا بنیادی مرکز بنایا جائے۔ آئین کی روشنی میں بنائے گئے کھیل کے قواعد ہمیں آگے کی راہ دکھاتے ہیں۔
Constitution of Pakistan continues to be central to shaping our national character, identity & future trajectory. Time has come to place Parliament at the core of national life both in letter & spirit. Rules of the game framed in light of the Constitution show us the way forward https://t.co/ZPp6Kv5UKo
— Shehbaz Sharif (@CMShehbaz) April 10, 2023
گزشتہ روز بھی وفاقی کابینہ کا اجلاس دو گھنٹے تک جاری رہا جس میں الیکشن کمیشن کو رقم دینے سے متعلق کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن کو رقم جاری کرنے سے متعلق سپریم کورٹ کی ڈیڈ لائن کا آج آخری روز ہے۔
سپریم کورٹ نے چار اپریل کو حکم دیا تھا کہ وفاق 10 اپریل تک اکیس ارب روپے الیکشن کمیشن کو دے جبکہ الیکشن کمیشن 11 اپریل کو رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرائے۔سپریم کورٹ نے پنجاب اسمبلی کے انتخابات چودہ مئی کو کرانے کا حکم جاری کر رکھا ہے۔