آئرلینڈ: لینڈنگ کے دوران طیارے کو حادثہ، ایئرپورٹ کا ایک رن وے بند

آئرلینڈ: لینڈنگ کے دوران طیارے کو حادثہ، ایئرپورٹ کا ایک رن وے بند
کیپشن: Ireland: Plane crashes during landing, one airport runway closed(file photo)

ایک نیوز: یورپی ملک آئرلینڈ کے ڈبلن ائیرپورٹ پر غیر متوازن لینڈنگ کے دوران ریان ائیر کی پرواز حادثے کا شکار ہوگئی تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ 

ایوی ایشن ذرائع کے مطابق ریان ائیر کی پرواز ایف آر 5542 انگلینڈ کے لیورپول جان لینن ائیرپورٹ سے آئرلینڈ پہنچی۔ ڈبلن انٹرنیشنل ائیرپورٹ کے رن وے نمبر 28 پر لینڈنگ کے دوران غیر متوازن ہوئی اور رن وے سے ٹکرانے سے بوئنگ 737 طیارے کا اگلا گیئر بری طرح نقصان کا شکار ہوا۔ 

نوز گیئر کا ٹائر پھٹ گیا تاہم طیارہ کسی بڑے حادثے سے بال بال بچ گیا۔ 

ائیرپورٹ انتظامیہ کے مطابق اس واقعہ میں کسی مسافر یا عملے کے رکن کے زخمی ہونے کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔ 

ٹوئٹر پر جاری ائیرپورٹ انتظامیہ کے بیان کے مطابق اس واقعے میں ایک مسافر کی صدمے سے حالت خراب ہوئی تاہم ہنگامی صورتحال کے بعد پہنچنے والے نیشنل ایمبولینس سروس کے اہلکاروں نے مسافروں کی جانچ پڑتال کی۔

ایمرجنسی کی وجہ سے ڈبلن ائیرپورٹ کا جنوبی رن وے بند ہے اور شمالی رن وے استعمال میں ہے۔