ویب ڈیسک: صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ ملک کو نقصان پہنچانے والی محاذ آرائی کی سیاست کے خلاف ہیں۔
تفصیلات کےمطابق صدر مملکت کی جانب سے ایوانِ صدر میں مختلف سیاسی جماعتوں کے ارکان ِپارلیمنٹ کے اعزاز میں عشائیہ دیا گیا جس میں چیئرمین سینیٹ ، گورنر پنجاب اور خیبرپختونخوا ، وزیراعلیٰ بلوچستان نے بھی شرکت کی۔
اے این پی کے صدر و سینیٹر ایمل ولی خان ، وفاقی وزیر چودھری سالک حسین ، سابق نگران وزیراعظم و سینیٹر انوار الحق کاکڑ، صدر استحکام پاکستان پارٹی عبد العلیم خان سمیت ملکی اعلیٰ سیاسی قیادت بھی عشائیے میں شریک ہوئی۔
اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے صدر ِمملکت نے پارلیمانی جمہوریت کو مزید مضبوط کرنے اور سیاسی استحکام فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ ملک کو سیاسی، اقتصادی اور سیکیورٹی چیلنجز سے نکالنے کیلئے سیاسی اتحاد کی ضرورت ہے۔
صدر ِمملکت نے رواداری اور باہمی احترام کو فروغ دینے اور جمہوری ادارے مضبوط بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ خدمات کی فراہمی بہتر بنانے ، معاشی خوشحالی کیلئے سیاسی، معاشی اور گورننس اصلاحات ناگزیر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عوامی فلاح کیلئے گروہی مفادات سے بالاتر ہو کر پرعزم طریقے سے کام کرنا ہوگا، صدر مملکت نے مزید کہا کہ ملک کو نقصان پہنچانے والی محاذ آرائی کی سیاست کیخلاف ہیں۔
عشائیے میں شریک سیاسی جماعتوں کے ارکان ِپارلیمنٹ نے استحکام اورعوامی ریلیف کیلئے مختلف تجاویز دیں او قومی مسائل پر اتفاق رائے پیدا کرنے میں صدر مملکت کی سیاسی دانشمندی اور وژن کو بھی سراہا۔