ایل اے 13 استور ون پر ضمنی انتخاب،پی ٹی آئی امیدوار کامیاب

Sep 09, 2023 | 23:41 PM

ایک نیوز: گلگت بلتستان کےحلقہ  جی بی ایل اے 13 استور 1کی نشست پر  ضمنی انتخاب میں پی ٹی آئی کے محمد خورشید نے میدان مارلیا۔
گلگت بلتستان کےحلقہ  جی بی ایل اے 13 استور 1کی نشست پر  ضمنی انتخاب کے غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے محمد خورشید  خان نے 994  ووٹوں ی برتری سے میدان مارلیا۔  تمام 56 پولنگ اسٹیشنز کا غیر سرکاری غیر حتمی نتیجہ موصول ہوگیا ہے جس کے مطابق تحریک انصاف کے محمد خورشید خان 6 ہزار 219 ووٹ لےکر کامیاب ہوئے جب کہ مسلم ليگ ن کے رانا فرمان علی 5 ہزار 225 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔یہ نشست سابق وزیراعلیٰ خالدخورشید کی جعلی ڈگری کیس میں نااہلی کے بعد  خالی ہوئی تھی۔

 ضمنی انتخاب میں پولنگ کے لیےلوگ پرجوش دکھائی دیے، کاشت کاری کے سیزن میں تمام مصروفیات کے باوجود دور دراز علاقوں سے بھی پیدل سفر کرکے ووٹرز  اپنا حق رائے دہی استعمال کرنےکے لیے پہنچے،کئی پولنگ اسٹیشنز  پر ووٹرز  نے پولنگ کا عمل سست  ہونے کی شکایت  بھی کی۔

جی بی ایل اے 13 استور ون میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 33 ہزار 378 ہے جبکہ ووٹنگ کیلئے کل 56 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے تھے، پولنگ صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک جاری رہی۔ 

پی ٹی آئی کی جانب سے نااہل وزیراعلیٰ کے والد خورشید خان کو ٹکٹ دیا گیا تھا جو کہ نشست جیتنے میں کامیاب رہے۔

مزیدخبریں