ایک نیوز: دنیا کی مضبوط معاشی ملکوں کی تنظیم جی20 کے سربراہی اجلاس کا اعلامیہ جاری کردیاگیا۔
جی20 سربراہی اجلاس کے میزبان ملک بھارت کے وزیراعظم نریندر مودی کاکہنا تھاکہ کہ رُکن ملکوں نے بلاک کو درپیش مسائل پر متفقہ اعلامیہ اپنایا ہے۔مذاکرات میں ڈیکلریشن کے لیے یوکرین میں جنگ کے حوالے سے الفاظ کے چناؤ پر گہرے اختلافات کو دور کر لیا گیا ہے۔
یوکرین میں جنگ کے بارے میں جی20 اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ تمام ریاستوں کو پوری طرح سے اقوام متحدہ کے چارٹر کے مقاصد اور اصولوں کے مطابق کام کرنا چاہیے۔تمام ریاستوں کو علاقائی سالمیت اور خودمختاری یا کسی بھی ریاست کی سیاسی آزادی کے خلاف علاقائی حصول کے لیے دھمکی دینے یا طاقت کے استعمال سے گریز کرنا چاہیے۔‘ جوہری ہتھیاروں کا استعمال یا استعمال کی دھمکی ناقابل قبول ہے۔
اعلامیہ میں کہاگیا کہ تنازعات کا پرامن حل، اور بحرانوں سے نمٹنے کی کوششوں کے ساتھ ساتھ سفارت کاری اور بات چیت بھی اہم ہے۔آج کے دور میں جنگ نہیں ہونی چاہیے۔
اعلامیے میں روس اور یوکرین سے اناج، اشیائے خورد ونوش، اور کھاد و خام مال کی فوری اور بلا روک ٹوک ترسیل کو یقینی بنانے کے لیے مطالبہ ،خوراک اور توانائی کے پیداواری یونٹس کی حفاظت کو برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے متعلقہ انفراسٹرکچر کو جنگ میں نشانہ بنانے سے دور رہنے کے لیے کہا گیا ہے۔خوراک اور توانائی کی منڈیوں میں بڑے اتار چڑھاؤ کا امکان موجود ہے۔