جی20اجلاس,مودی کی دعوت،افریقی یونین بھی امیرملکوں کی تنظیم میں شامل

Sep 09, 2023 | 14:49 PM

JAWAD MALIK

ایک نیوز: بھارت نے دنیا کی مضبوط معاشی ملکوں کی تنظیم جی20 کے اجلاس کے دوران افریقی یونین کو تنظیم میں شمولیت کی دعوت دے دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں ہفتے سے 2 روزہ جی20 اجلاس شروع ہو گیا ہے۔ امریکہ کے صدر جو بائیڈن سمیت برطانیہ، ترکیہ، مصر، متحدہ عرب امارات، جاپان، آسٹریلیا، انڈونیشیا اور جنوبی افریقہ سمیت کئی ممالک کے سربراہان، یورپی یونین کے اعلیٰ ذمہ داران اور متعدد بین الاقوامی تنظیموں کے صدور دہلی میں موجود ہیں۔ البتہ روس اور چین کے صدور اس اجلاس میں شریک نہیں لیکن دونوں ملکوں کے نمائندے اجلاس میں شریک ہیں۔
دہلی میں نئی تعمیر شدہ عمارت بھارت منڈپم میں جی 20 کا سربراہی اجلاس شروع ہونے سے قبل 10 بجے تک سربراہان اور غیر ملکی صدور کے فوٹو سیشن چلتے رہے۔ فوٹو سیشن کے بعد اجلاس کے پہلے سیشن کا باقاعدہ آغاز ہوا جس کا موضوع 'ون ارتھ' تھا۔


عالمی رہنماؤں نے صاف توانائی اور زیرو امیشن کے ہدف تک جلد از جلد پہنچنے پر گفتگو کی۔
اجلاس گاہ میں حسب توقع افریقی یونین کی نشست بھی رکھی گئی اور اجلاس کے دوران وزیرِ اعظم نریندر مودی نے افریقی یونین کے سربراہ اوزلو اوسمانی کا معانقہ کر کے گرم جوشی سے استقبال کیا۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے مہمان رہنماؤں کا خیر مقدم کرتے ہوئے اپنے افتتاحی بیان میں سب سے پہلے مراکش میں زلزلے میں ہونے والی ہلاکتوں پر تعزیت کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی خواہش کی اور بحران کی اس گھڑی میں مراکش کو ہر ممکن مدد کی پیشکش کی۔
جی 20اجلاس کا دوسرا سیشن دوپہر کے بعد ہے جس کا موضوع 'ون فیملی' ہے۔ اس سیشن کے بعد مہمان آرام کے لیے اپنے ہوٹلوں تک جائیں گے۔ رات آٹھ بجے بھارتی صدر دروپدی مرمو کی جانب سے مہمانوں کے لیےعشائیہ کا اہتمام کیا گیا ہے۔
جی 20 اجلاس کے دوسرے روز یعنی اتوار کو تمام مہمان راج گھاٹ کا دورہ کریں گے۔ اس کے بعد سب واپس اجلاس گاہ آئیں گے اور شجرکاری کی ایک مہم میں شامل ہوں گے۔ ساتھ ساتھ ون فیملی کے عنوان پر سیشن منعقد ہوگا۔
اتوار کو دن ساڑھے 12  بجے جی 20 سربراہی اجلاس اختتام پذیر ہو گا۔

مزیدخبریں