ایک نیوز: چینی کو 90 سے پلاننگ کے ساتھ 180 روپے تک پہنچانے والے 13 بڑے ڈیلرز کی گرفتاریوں کیلئےبڑے پیمانے پر آپریشن ٹیز کر دیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق پنجاب حکومت نے چینی سکینڈل میں ملوث 13 بڑے ڈیلرز کے نام ایف آئی اے کے حوالے کیےتھے۔ ذرائع کا کہنا ہےکہ13 بڑے ڈیلرز شوگر ملوں کے اپنے ہی خاص کارندے ہیں جو ڈیلرز شوگر ملز مالکان سے ملکر چینی 90 سے 180 روپے کلو پر لے گئے۔
ایف آئی اے اور دیگر ایجنسیاں تاحال کسی ڈیلر کو گرفتار نہیں کر سکی ہیں،ایف آئی اے کو بھجوائی جانے والی رپورٹ میں ڈیلرز ماجد ملک لاہور، نعمان قریشی خوشاب ساجدخوشاب توثیق خوشاب فاروق خان سرگودھا سے شامل ہیں۔ملک عظیم قصور، طلحہ کپور کراچی، اویس بلال چشتیاں، جمال مصطفی کراچی شامل ہیں۔حسن فیصل آباد، عمران میر پور، وقاص اشرف لاہور، ارشد ملتان سے شامل ہیں۔ پنجاب حکومت نے ان کی تفصیلات وفاقی حکومت اور ایف آئی اے کو بھجوا دیں جس کے بعد ایف آئی اے نے مقدمات درج کر کے کاروائی کا آغاز کر دیا،آپریشن کے بعد سے کئی گھروں میں تالے ہیں اور مافیا روپوش ہیں۔ان 13 ڈیلرز کے پکڑے جانے پر شوگر ملز مالکان پکڑے جا سکتے ہیں۔
دوسری جانب چینی ڈیلرز کے خلاف آپریشن کے مثبت نتائج سامنے آنا شروع ہوگئے۔ چینی کے 50 کلو کے بیگ کی قیمت میں 600 روپے کمی ہوگئی۔ چینی کا پچاس کلو کا بیگ 9000 روپے سے کم ہو کر 8400 روپے کا ہوگیا۔ چینی کا تھوک نرخ 168 روپے کلو ہوگیا۔کراچی میں چینی کی قیمت میں 2 روپے کی کمی آ گئی ہے، کمی کے طعد مارکیٹ میں چینی ریٹیل فی کلو قیمت 178 روپے ہو گئی ہے۔ہول سیل مارکیٹ میں چینی 170 روپے تک فروخت ہو رہی ہے، مارکیٹ ذرائع کا کہنا ہےکہ چینی کی قیمت میں مزید کمی کا امکان ہے۔
علاوہ ازیں پنجاب کی شوگر ملوں کا ایکس مل ریٹ بدستور 170 روپے کلو پر برقرار ہے۔شوگر مل ڈیلرز کے مطابق جنوبی پنجاب کی چینی ملوں کا ہول سیل ریٹ 155 روپے کلو پر آگیا اور سینٹرل پنجاب کی چینی ملوں کا ہول سیل ریٹ 159روپے کلوپرآگیا ہے۔