ایک نیوز: 1965ء کی جنگ کے دوران جری جانبازوں کی قربانیوں کا سلسلہ جاری رہا، لیفٹیننٹ کرنل صاحبزاد گل اور میجر محمد اشرف خان نے دشمن کیخلاف جوانمردی سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔
رپورٹ کے مطابق جنگ کے9 ویں روزپاکستان آرمی کے لیفٹیننٹ کرنل صاحبزاد گل اور میجر محمد اشرف خان نے دشمن کیخلاف جوانمردی سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔ میجر محمد اشرف خان کا تعلق سپورٹ بٹالین سے تھا اور ان کی ذمہ داریوں میں سیالکوٹ کا دفاع شامل تھا، 8 ستمبر کو اس بٹالین نے دشمن کو بھاری نقصان پہنچایا۔9 ستمبر کو دشمن بھارت نے سیالکوٹ کینٹ کی جانب پیش قدمی شروع کی، جس کی اطلاع ملنے پر میجر محمد اشرف خان نے دشمن کی پیش قدمی کو روکتے ہوئے ان کے دو ٹینک تباہ کر دیئے۔ میجر محمد اشرف اپنی جیپ پر میدان جنگ کا جائزہ لے رہے تھے کہ دشمن کا فائر لگنے سے جام شہادت نوش کر گئے۔
لیفٹیننٹ کرنل صاحبزاد گل آرمر رجمنٹ کی قیادت کر رہے تھے، انہوں نے قصور کی جانب پیش قدمی کرتے دشمن بھارت کو بہادری کے ساتھ بارڈر کی جانب دھکیل دیا اور 8 ستمبر کو کھیم کرن سیکٹر پر قبضہ کرلیا۔9 ستمبر کو لیفٹیننٹ کرنل صاحبزادہ وال تھوا ریلوے سٹیشن پر قبضہ کرنے کی کوشش کا آغاز کیا اور دشمن کی سخت مزاحمت کے باوجود اس میں کامیاب رہے۔وال تھوا ریلوے سٹیشن پر قبضہ کرنے کے بعد دشمن نے اس کا کنٹرول حاصل کرنے کیلئے بھرپور حملہ کیا جس کے دفاع کے دوران لیفٹیننٹ کرنل صاحبزاد گل شہید ہو گئے۔ لیفٹیننٹ کرنل صاحبزاد گل کو بہادری کے اعتراف میں بعد از شہادت ستارہ جرأت سے نوازا گیا۔
میجر محمد اشرف خان اور لیفٹیننٹ کرنل صاحبزاد گل (ستارہ جرأت) کا نام جنگ ستمبر 1965 ء کی تاریخ میں سنہرے حروف سے لکھا جائے گا
https://www.pnntv.pk/uploads/digital_news/2023-09-09/news-1694237676-1362.mp4