ایک نیوز نیوز: ٹی20 ایشیا کپ 2022 میں پاکستان اور افغانستان کے درمیان کھیلے گئے میچ میں ہنگامہ آرائی کرنے والے تماشائیوں پر بھاری جرمانے عائد کر دیے گئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان اور افغانستان کے درمیان شارجہ کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں توڑ پھوڑ کرنے والے ہر تماشائی کو 3، 3 ہزار درہم یعنی تقریباً پاکستانی 2 لاکھ روپے کا جرمانہ عائدکر دیا گیا ہے۔
دبئی پولیس کی جانب سے تماشائیوں کو وارننگ جاری کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ آئندہ ایسا کیا تو پھر جیل اور ڈی پورٹ بھی کیا جا سکتا ہے۔
واضح رہے کہ دبئی پولیس حکام نے شارجہ اسٹیڈیم میں ہنگامہ آرائی کرنے والے 97 افغانیوں کو گرفتار کیا تھا اس کے علاوہ متحدہ عرب امارات کے مختلف حصوں سے بھی پاکستانی شائقین سے ہاتھا پائی کرنے پر 117 افغانیوں اور مجموعی طور پر 391 افراد کو گرفتار کیا گیا تھا۔
ٹوئٹر پر دبئی پولیس کی جانب سے ہنگامہ آرائی کرنے والے تماشائیوں کی ویڈیو بھی وائرل کی گئی تھیں۔
افغانستان سے پاکستان کی جیت کے بعد افغان شائقین کی جانب سے شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں توڑ پھوڑ کی گئی اور تشدد کرنے کی مبینہ ویڈیوز بھی منظر عام پر آئی تھیں۔