ایک نیوز نیوز:اسلام آباد ہائیکورٹ نے این اے 246 کراچی کی نشست خالی قرار دینے کا الیکشن کمیشن کا نوٹس معطل کرتے ہوئے دو ہفتے میں جواب طلب کرلیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں این اے 246 کی نشست خالی قرار دینے کے خلاف کیس کی سماعت ہوئی ، این اے 246 سے پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی شکور شاد کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ شکور شاد تو پارلیمنٹ کی کارروائی میں شامل بھی ہو رہے تھے،جولائی میں بھی شکور شاد کارروائی میں شامل تھے۔شکور شاد لیاری سے 2018 میں ممبر قومی اسمبلی بنے، شکور شاد نے پارٹی سے اظہار یکجہتی کیلئے استعفے پر دستخط کیے۔
یہ بھی پڑھیں:کوئی یہ سمجھ رہا ہے عمران خان کے بغیر الیکشن ہوسکتے تو 77 کی تاریخ یاد رکھے:شیخ رشید
چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے استفسار کیا کہ کیا اسپیکر قومی اسمبلی نے شکور شاد کو بلایا تھا؟
وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ایک نوٹس بھیجا گیا تھا لیکن وہ طبیعت ناسازی کی وجہ سے پیش نہیں ہو سکے۔
چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ بغیر پیش ہوئے ہی سپیکر نے استعفیٰ منظور کر لیا؟ کیا آپ نے اس ہائیکورٹ کا تفصیلی فیصلہ پڑھا ہے؟ کیا یہ تحریک انصاف سے ممبر قومی اسمبلی تھے؟ پھر تو پی ٹی آئی کے سارے استعفے مشکوک ہو گئے ہیں۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 2 ہفتے میں جواب طلب کرلیا۔