ایک نیوز: حکومت نے سمگلنگ کے خلاف کوششیں تیز کرتے ہوئے سمگلنگ میں استعمال ہونے والی گاڑیاں ضبط کرنے کا حکم دے دیا ہے۔
ایف بی آر کےمطابق وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے سمگلنگ کے انسداد کے لئے تمام سرکاری اداروں کو سخت اقدامات کرنے کی ہدایت دے دی،سمگلنگ میں استعمال ہونے والی گاڑیاں ضبط کرنے کے لئے 3اکتوبر کو ایس آر او میں ترمیم کر دی گئی،ماضی میں سمگلنگ میں استعمال ہونے والی گاڑیاں جرمانہ ادا کرکے چھڑا لی جاتی تھیں،ایس آر او میں ترمیم سمگلنگ کو ختم کرنے کے لئے حکومت کے پختہ عزم کی عکاسی کرتا ہے ۔
چیئرمین ایف بی آر نے کہا ہے سمگلنگ کی وجہ سے عرصہ دراز سے ملک کی معیشت متاثر ہو رہی ہے،سمگلنگ میں ملوث گاڑیوں کو جرمانہ ادا کرکے چھڑانے کا آپشن ختم کر دیا گیا ہے،سمگلنگ میں استعمال ہونے والی گاڑیوں کو ضبط کرکے مستقل طور پر بند کیا جائے گا،اس نئے اقدام کی بدولت پاکستان اپنی معاشی سرحدوں کو محفوظ بنانے کی راہ پر گامزن ہو گیا ہے،حالیہ ترمیم ان اقدامات کا حصہ ہے جو ملک کی معیشت کی سا لمیت کے تحفظ کے لئے کئے جا رہے ہیں ۔