کاروباری افراد سٹاک ایکسچینج میں سرمایہ کاری کریں:صدر پاکستان

کاروباری افراد سٹاک ایکسچینج میں سرمایہ کاری کریں:صدر پاکستان
کیپشن: Business people should invest in stock exchange: President of Pakistan

ایک نیوز: صدر پاکستان آصف علی زرداری نے کہا ہےکہ کاروباری افراد سٹاک ایکسچینج میں سرمایہ کاری کریں، شرح سود معقول بنانے، برآمدات پر مبنی صنعتوں کو سپورٹ کرنے کی ضرورت ہے۔
 صدر مملکت نے12ویں فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز اینڈ کامرس اینڈ انڈسٹری ایکسیلنس ایوارڈز کی تقریب سے خطاب میں کہا کہ ملکی معیشت بہتر بنانے کے لیے شرح سود مزید معقول بنانے کی ضرورت ہے ،صدر مملکت نے کاروبار کے لیے سازگار ماحول، سستی توانائی اور برآمدات پر مبنی صنعتوں کو سپورٹ کرنے پر زوردیا۔
صدر کا کہنا تھا کہ ایسی صنعتوں پر توجہ مرکوز کریں جو چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کو سپورٹ کریں، لوگوں کو روزگار فراہم کریں، بلند شرح سود ملکی معیشت اور کاروبار کے لیے فائدہ مند نہیں، حکو مت کاروباری سرگرمیوں کو بڑھانے کے لیے پالیسی ریٹ کم کرنے پر غور کرے، ملک کو معاشی چیلنجز سے نکالنے کے لیے جامع حکمت عملی کی ضرورت ہے۔
 صدر نے کہا کہ سابقہ دور میں سیکورٹی چیلنجز، دہشت گردی کے خلاف جنگ کے باوجود صنعتوں کو سپورٹ کرنے، سستی توانائی فراہم کرنے کی اقتصادی پالیسی ملکی برآمدات میں اضافے کا باعث بنی، تجارت اور صنعت کے فروغ کے لیے سستی بجلی، زمین اور دیگر سہولیات کی فراہمی کے لیے اقدامات کیے جائیں۔
آسف علی زرداری کا مزید کہنا تھا کہتاجر برادری اور کاروباری افراد ملک کی معاشی ترقی کیلئے فعال کردار ادا کرتے رہیں، صدر مملکت نے ملک کے کاروباری اداروں کو ایکسی لینس ایوارڈز دینے پر ایف پی سی سی آئی کو سراہا ،صدر مملکت نے 12ویں ایف پی سی سی آئی ایکسیلنس ایوارڈز بھی بزنس کمیونٹی کے ممبران میں شاندار کارکردگی پر ایوارڈ تقسیم کیے۔