مریم نوازکی یونین کونسلوں کےعہدیداروں سے ملاقات

Oct 09, 2023 | 18:04 PM

ایک نیوز : مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز شریف نے لاہورمیں یونین کونسلوں کے عہدیداروں اور کارکنوں سے مرحلہ وار ملاقاتوں کا سلسلہ شروع کردیا۔
تفصیلات کےمطابق مریم نواز شریف سے یونین کونسل 123 اور 125 کے عہدیداروں اور کارکنوں کی ملاقات ہوئی۔یونین کونسلز کی سطح پر 21 اکتوبر کو قائد محمد نواز شریف کی وطن واپسی اور استقبال کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا مریم نواز شریف نے یونین کونسل کے عہدیداروں اور کارکنوں سے مشاورت کی اور ان کی تجاویز لیں۔
اس موقع پرمریم نوازشریف نے کہا کہ نوازشریف ملکی ترقی کا آزمودہ برانڈ ہے ،جب سب فیل ہو جاتے ہیں تو نواز شریف آتا ہے، اللہ تعالی کے کرم سے نوازشریف پھر سب کچھ ٹھیک کرے گا ، چھ سال بعد نوازشریف قوم کوپورا سچ بتائے گا تو سارے پراپگنڈے اور جھوٹے بیانیے دفن ہوجائیں گے۔
مریم نواز نے مزیدکہاکہ کارکردگی میں نہ ہرا سکے تو جھوٹے الزام لگا کر، دھاندلی اور طاقت سے نواز شریف کو میدان سے ہی نکال دیا،  اللہ تعالی نوازشریف کو پھر واپس لے آیا ، نوازشریف کو نکالنے والے نظام سے ہی نکل گئے، یہ ہے اللہ کا نظام، چھ سال تک جھوٹوں کو جھوٹ بولنے کی کھلی آزادی تھی جس سے ذہن گمراہ ہوئے، نوازشریف، ان کے خاندان، ان کی جماعت کو جھوٹے پراپگنڈے، بے بنیاد مقدمات سے ستایا گیا، عوام کو مہنگائی، معاشی تباہی اور بے روزگاری سے ستایاگیا۔
مریم نوازشریف نے کہا کہ نوازشریف کو اقتدار سے نکالنے کی سزا ملک اور عوام کو ملی اور مل رہی ہے،  2017 میں گیا تو ملک کیا تھا اور چھ سال بعد آج ملک کیا سے کیا ہوگیا، جس نے کرکے دکھایا ، وہ قائد اور معمار پاکستان واپس آرہا ہے، نوازشریف گیا تو ترقی ، امن اور عوامی خوش حالی بھی چلی گئی، نواز شریف جب آیا، امن، ترقی اور خوش حالی کی بہار آئی۔
 مریم نوازنے مزید کہاکہ اللہ تعالی پاکستان کے حالات ٹھیک کرے گا ، اسی لئے نوازشریف آرہا ہے، نوازشریف کو ہر بار حالات نے آزمایا اور نوازشریف ہر بار سرخرو ہوا،  نوازشریف کی ٹیم میں ایک سے ایک قابل ، دیانتدار اور عوام کا خادم شامل ہے،  نوازشریف کے دور میں مہنگائی 47 سال کی کم ترین سطح پر تھی،65 لاکھ سے زائد لوگوں کو روزگار ملا، مریم نواز شریف نے ٹھوکر نیاز بیگ میں گزشتہ روز ہونے والے بھرپور جلسے پر منتظمین، کارکنوں اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔

مزیدخبریں