ورلڈ کپ: نیوزی لینڈ نے نیدر لینڈ کو 99رنز سے شکست دیدی

Oct 09, 2023 | 21:22 PM

Hasan Moavia

ایک نیوز :ورلڈ کپ کے چھٹے میچ میں نیوزی لینڈ نے نیدر لینڈ کو 99رنز سے شکست دیدی۔
تفصیلات کے مطابق بھارتی شہر حیدر آباد میں کھیلےگئے ورلڈ کپ کےچھٹےمیچ میں نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے سات وکٹوں کے نقصان پر 322رنز بنائے اور نیدر لینڈ کو 223رنز کا ہدف دیا جواب میں نیدرلینڈکی ٹیم223رنز پر آؤٹ ہوگئی۔

حیدرآباد دکن کے راجیو گاندھی اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے ورلڈ کپ کے میچ میں نیدرلینڈز کے کپتان اسکاٹ ایڈورڈز نے ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ نیوزی لینڈ نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 322 رنز بنائے اور نیدرلینڈز کے خلاف 323 رنز کا ہدف سیٹ کیا۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے ول ینگ، راچن رویندرا اور کپتان ٹام لیتھم نے نصف سنچری اسکور کی۔

 کیویز کی جانب سے اوپنر ڈیون کانوے اور ول ینگ نے 67 رنز کا آغاز فراہم کیا، ڈیون کانوے 32 رنز بناکر کیچ آؤٹ ہوگئے۔

اس کے بعد ول ینگ اور رچن رویندرا نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 77 رنز جوڑے، 144 کے اسکور پر نیوزی کو دوسرا جھٹا لگا، ول ینگ 70 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، ان کی اننگز میں 7 چوکے اور 2 چھکے شامل ہیں۔

اس کے علاوہ کپتان ٹام لیتھم 53، رچن رویندرا 51 اور ڈیرل مچل 48 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ گلین فلپس نے 4 اور مارک چیپمین نے 5 رنز بنائے۔

آخری اوورز میں میچل سینٹنر نے میٹ ہینری کے ساتھ مل کر اننگز کو سنبھالا اور 17 گیندوں پر 36 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلی جبکہ میٹ ہینری 10 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔نیدرلینڈز کی جانب سے روئیلوف وان ڈیر مروے، پال وان میکرن اور اریان دت نے 2،2 جبکہ باسڈی لیڈے نے ایک وکٹ اپنے نام کی۔

   کپتان کین ولیمسن انجری کے باعث  نیدر لینڈ کیخلاف دوسرے میچ سے بھی باہر ہوگئے ہیں۔ نیوزی لینڈ کے کپتان ٹام لیتھم کا کہنا تھا کہ ہم بھی ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کرتے۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم میں جیمز نیشم کی جگہ لوکی فرگوسن کو شامل کیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ عالمی کپ کے افتتاحی میچ میں نیوزی لینڈ نے انگلش ٹیم کو 9 وکٹوں سے شکست دی تھی جبکہ نیدر لینڈز کی ٹیم اپنا پہلا میچ ہار چکی ہے جس میں اسے پاکستان نے 81 رنز سے مات دی تھی۔

مزیدخبریں