شاہ رخ خان کو فلم پٹھان اور جوان کی کامیابی کے بعد قتل کی دھمکیاں

شاہ رخ خان کو فلم پٹھان اور جوان کی کامیابی کے بعد قتل کی دھمکیاں

ایک نیوز: بالی وڈ  کنگ خان کو  حالیہ فلموں کی کامیابی کے بعد قتل کی دھمکیاں ملنے لگی ہیں، جس کے بعد ان کی سکیورٹی میں اضافہ کردیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق شاہ رخ نے  رواں سال 2سپر ہٹ فلمیں پٹھان اور جوان دیں جس کے بعد نامعلوم افراد کی جانب سے کنگ خان کو قتل کیے جانے کے دھمکی آمیز پیغامات مسلسل موصول ہورہے ہیں۔اسی کے پیشِ نظر ریاست مہاراشٹرا کی حکومت نے شاہ رخ خان کو +Y کیٹیگری کی سکیورٹی فراہم کردی ہے۔

مہاراشٹرا کا وی آئی پی سکیورٹی یونٹ ہر وقت شاہ رخ کے ساتھ رہے گا اس سکیورٹی یونٹ میں 6 تربیت یافتہ کمانڈوز کی ٹیم ہر وقت کنگ خان کی حفاظت میں رہے گی، جو ایم پی 5 مشین گن، اے کے 47 اسالٹ رائفلز اور گلوک پستول سے لیس ہوگی۔اس کے علاوہ ممبئی میں شاہ رخ خان کے گھر منت کی سکیورٹی بھی بڑھا دی گئی ہے، ممبئی پولیس کے 4 اہلکار 24 گھنٹے کنگ خان کے گھر کی حفاظت پر مامور رہیں گے۔اس سے قبل شاہ رخ خان کے ساتھ 2 مسلح گارڈز ہوتے تھے، شاہ رخ کے علاوہ اداکار سلمان خان کو بھی وائی پلس سکیورٹی فراہم کی گئی ہے۔ جب شاہ رخ خان گاڑی کے ذریعے ایک جگہ سے دوسری جگہ جائیں گے تو ان کی سیکیورٹی میں ایک تربیت یافتہ کمانڈو کے ساتھ ٹریفک کلیئرنس گاڑی بھی ہوگی جو ٹریفک کو کلیئر کرے گی تاکہ کوئی شاہ رخ خان کی گاڑی کے آگے یا پیچھے نہ آئے۔ گاڑی ٹریفک میں نہیں پھنسنی چاہیے۔

شاہ رخ خان کی فلم 'پٹھان' کے بعد ان کی ایک اور سب سے زیادہ منتظر فلم ' جوان' 7 ستمبر 2023 کو سینما گھروں میں ریلیز ہو رہی ہے۔ شاہ رخ خان کی فلم ' جوان' باکس آفس پر ریکارڈ توڑ رہی ہے۔ 'پٹھان' کے بعد ' جوان' بھی روز نئی تاریخ رقم کر رہا ہے۔ ' جوان' نے ایک ماہ میں دنیا بھر میں 1103.27 کروڑ روپے کمائے ہیں۔ ادھر شاہ رخ خان کے حوالے سے ایک بڑی خبر سامنے آئی ہے۔ شاہ رخ خان کو فلم 'پٹھان' کی شوٹنگ کے دوران دھمکیاں ملی تھیں جس کے بعد اب مہاراشٹر حکومت نے بالی ووڈ کے کنگ خان کی سیکیورٹی کے لیے سخت اقدامات کیے ہیں۔

واضح رہے کہ رواں سال شاہ رخ خان کے لیے خاصہ اچھا ثابت ہوا، کچھ ماہ قبل ریلیز ہونے والی یش راج فلمز کی پٹھان نے پوری دنیا میں کامیابی سے بزنس کرتے ہوئے 1050 کروڑ کا مجموعی بزنس کیا جب کہ فلم جوان اب تک پوری دنیا میں 1090 کروڑ کا بزنس کرچکی ہے۔