ایک نیوز: ساؤتھ آسٹریلیا کے جیک فریزر میکگورک نے تیز ترین ون ڈے سنچری بناکر ڈی ویلیئرز کا ورلڈ ریکارڈ توڑدیا۔
رپورٹ کے مطابق آسٹریلیا کے لسٹ اے ٹورنامنٹ مارش کپ کے دوران ساؤتھ آسٹریلیا کے 21 سالہ جیک فریزر میکگورک نے 29 گیندوں پر ون ڈے سنچری بناکر ڈی ویلیئرز کا ورلڈ ریکارڈ توڑدیا یہ اے لسٹ میچز میں تیزترین سنچری شمار ہوئی ہے۔
فریزر نے اس سے قبل بھی وکٹوریہ کی جانب سے ون ڈے اور فرسٹ کلاس ڈیبیو پر متاثر کن پرفارمنس پیش کرتے ہوئے نصف سنچریاں بنائی تھیں، ڈی ویلیئرز نے 2015 میں 31 بالز پر ون ڈے سنچری مکمل کرکے ریکارڈ قائم کیا تھا۔
واضح رہے کہ مارش ون ڈے کپ کے اس مقابلے میں تسمانیہ نے ساؤتھ آسٹریلیا کیخلاف 37 رنز سے کامیابی سمیٹ لی، فاتح الیون نے9 وکٹ پر 435 رنزبنائے۔کپتان جورڈن سلک 116، سلیب جیول 90، میکلیسٹر رائٹ 51 اور بیوویبسٹر 42 رنز بنانے میں کامیاب رہے، برینڈن ڈوگیٹ اور ویس ایگر نے3،3 وکٹیں لیں۔
ناکام سائیڈ 46.4 اوورز میں 398 رنز پر ہمت ہاردی، جیک فریزر میکگورک نے 38 گیندوں پر 125 رنز اسکورکیے، فریزرکی اننگز میں 13 چھکے اور 10 چوکے شامل رہے۔مہمان ٹیم کا بڑا ٹوٹل اورجیک فریزر کی ریکارڈ سنچری کے باوجود تسمانیہ مقابلہ جیت گیا۔ فریزر کے علاوہ ناتھن میک سوینے 62، ڈینئیل ڈریو 52 اورکپتان جیک لیمین 35 رنز بناکر نمایاں رہے، مچل اوون نے 3 کھلاڑیوں کو میدان بدر کیا۔