ایک نیوز:کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں دکان میں گیس کے دھماکے کے نتیجے میں 2 افراد زخمی ہو گئے جبکہ مختلف املاک کو نقصان پہنچا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایدھی فاؤنڈیشن کا کہنا ہے کہ دھماکا گلشنِ اقبال بلاک 7 میں مسکن چورنگی کے قریب واقع فاسٹ فوڈ کی دکان میں گیس جمع ہونے کے باعث ہوا۔دھماکے سے 2 افراد زخمی ہو گئے جن میں سے 1 کو عباسی شہید اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
ایس ایس پی ایسٹ عرفان علی بہادر کے مطابق مسکن چورنگی پر فاسٹ فوڈکی دکان میں گیس کے اخراج کے باعث دھماکا ہوا ہے، دھماکے کے وقت دکان بند تھی اور اس میں مزید سلنڈرز موجود تھے۔
انہوں نے بتایا ہے کہ دھماکے سے دکان کی عقبی دیوار گر گئی جس سے 2 راہ گیر زخمی ہوئے اور متعدد دکانوں کو نقصان پہنچا۔
ایس ایس پی ایسٹ عرفان بہادر کے مطابق ایک زخمی کی شناخت عدنان احمد کے نام سے ہوئی ہے، دونوں زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
دھماکے سے تباہ دکان میں گیس کی بو تاحال پھیلی ہوئی ہے، گیس دھماکے کے 1 گھنٹے بعد بھی سوئی گیس کا عملہ نہیں پہنچا ہے۔
پولیس کے مطابق بم ڈسپوزل اسکواڈ کو طلب کیا گیا ہے اور مزید امدادی کام جاری ہے۔
ریسٹورنٹ کے اوپر قائم فلیٹس کے رہائشی کا کہنا ہے کہ دھماکا بہت زور دار تھا، فلیٹ کی کھڑکیاں بھی ٹوٹ گئیں اور دیوار میں بھی کریک آئے ہیں، دھماکے سے متعدد دکانوں کو نقصان پہنچا ہے۔دھماکے کے بعد بو پھیل گئی تھی، ہماری درخواستوں پر کوئی کارروائی نہیں ہو رہی، 3 سال قبل دھماکے کے متاثرین کو بھی ابھی تک کچھ نہیں ملا۔
فلیٹس کے رہائشی نے بتایا کہ 3 ماہ قبل میئر کراچی اور دیگر اداروں کو سلنڈر کے استعمال کے خلاف درخواست دی تھی۔