ایک نیوز نیوز: پاکستان ملٹری اکیڈمی کی پاسنگ آؤٹ میں بہترین کارکردگی کا اعزا حاصل کرنے والے کیڈٹس نے ملک و ملت کی خدمت اور درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے بھرپور عزم کا اظہار کرتے ہوئے پاک فوج اور ملٹری اکیڈمی کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا ہے، اعزازی شمشیر حاصل کرنے والے محمد داود خان کا کہنا ہے کہ وطن کی خدمت کے جذبہ کے تحت پاک فوج میں شمولیت اختیار کی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان ملٹری اکیڈمی کی پاسنگ آؤٹ پریڈ میں اعزازی شمشیر حاصل کرنے والے محمد داود خان کا کہنا ہے کہ ان کا تعلق صوابی سے ہے،وہ 8اکتوبر2022 کا دن کبھی نہیں بھول سکتے جب بہترین کارکردگی پر اعزازی شمشیر سے نوازا گیا، یہ اعزاز اللہ تعالی کے بے پایاں کرم کے بعد والدین کی دعاؤں سے حاصل ہوا، اس کے لئے پی ایم اے فیکلٹی کا بھی شکرگزار ہوں، ملک سے محبت کی خاطر پاک فوج میں شمولیت اختیار کی، اکیڈمی افسران کی تربیت نے مستقبل کے چیلنجز سے نبردآزما ہونے کے لئے تیار کیا، آئندہ بھی اسی جوش و جذبے کے تحت کام کرتا رہوں گا،اللہ صبحان و تعالی ہمت اور حوصلے کے ساتھ اگلی صفحوں میں رہتے ہوئے قیادت کرنے کی طاقت دے۔
بٹالین سینئیر انڈر آفیسر شعیب اکمل کو صدارتی گولڈ میڈل سے نوازا گیا ان کا کہنا ہے کہ کورس کا دوسرا بہترین کیڈٹ ہونے کا اعزاز ملا ہے، سخت محنت اورمستقل مزاجی دو اہم عوامل ہیں جن سے کامیابی ملی،پاکستان ملٹری اکیڈمی میں گزارا ہر لمحہ قابل قدر ہے،اکیڈمی نے وطن کی خدمت بہترین طریقہ سے کرنے کے قابل بنایا،اللہ پاک سے دعا ہے مستقبل کے چیلنجز سے نمٹنے میں مدد کرے۔
ٹیکنیکل گریجویٹ کورس میں بہترین کارکردگی دکھانے والے مدثر امین کا کہنا تھا کہ چیف آف آرمی سٹاف “چھڑی” کا اعزاز حاصل کرنے پر شکرگزار ہوں،میرا تعلق رینالہ خورد، اوکاڑہ سے ہے،پانچ سالہ تربیت کے بعد پاس آؤٹ ہورہا ہوں،پاکستان ملٹری اکیڈمی میں گزرا ایک سالہ مجھے چیلنجز سے ہمت حوصلہ کے ساتھ نمٹنے کے لئے تیار کرگیا ہے،ملک کی خدمت اور اپنے ادارے کا نام بلند کرنے کے لئے بھرپور طریقہ سے تیار ہوں۔
نیپال سے تعلق رکھنے والے سینئیر انڈر آفیسر جگت کا کہنا تھا کہ مجھے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اوورسیز گولڈ میڈل سے نوازا گیا،غیرملکی کیڈٹس میں سے بہترین منتخب ہونے پر بہت خوشی ہے،پاکستان ملٹری اکیڈمی میں بہترین تربیت حاصل کی،پاکستان کی مسلح افواج کے بھائیوں کا بہترین میزبانی پر شکرگزار ہوں،پاکستان اور نیپال برادر ممالک ہیں جن کے تاریخی تعلقات اور شاندار مستقبل ہے،بھاری دل کے ساتھ پی ایم اے سے جارہا ہوں، پاکستان ہمیشہ میرا دوسرا گھر رہے گا، اپنے ملک میں پاکستان کے سفیر کا کام کروں گا،دل میں بسے ہو 146 ہمیشہ یاد آتے رہوگے،پاکستان زندہ باد، پاکستان آرمی زندہ باد۔
سینئیر انڈر آفیسر حیدر اعجاز کا کہنا تھا کہ میرا تعلق ٹوبہ ٹیک سنگھ کے ایک گاوں سے ہے،میرے لئے اپنے احساسات کا الفاظ میں اظہار ممکن نہیں،کمانڈرز “چھڑی” کا اعزاز ملنے پر بہت خوش ہوں،پاکستان ملٹری اکیڈمی نے میرے اندر کے بہترین ٹیلنٹ کو جلا بخشی،قوم کی خدمت کے سفر پر گامزن ہوں۔
لیڈی کیڈٹ زنیرا شفقت نے کہا کہ اپنے کورس کا بہترین کیڈٹ منتخبت ہونے پر کمانڈنٹ کین کے اعزاز سے نوازا گیا،پاکستان ملٹری اکیڈمی میں جنٹلمین کیڈٹس کے مساوی تمام مواقع حاصل تھے، یہ چیز پی ایم اے کو یونیک بناتی ہے،بہترین جسمانی اور ذہنی تربیت فراہم کی گئی جس سے صلاحتیں نکھر کر سامنے آئیں،اپنی قوم کی توقعات پر پورا اترنے کے لئے اسی جذبہ کے تحت کام کرتی رہوں گی۔
کورس انڈر آفیسر حرا عرفان نے کہا کہ کمانڈر کین کا اعزاز حاصل کرنے پر بہت مسرور ہوں،ملک کو درپیش مستقبل کے چیلنجز سے نمٹنے کے لئے پوری طرح سے تیار ہوں،وطن عزیز کا دفاع ہو، کوئی قدرتی آفت یا وبائی مرض کا سامنا ہو، ملک کی بھرپور خدمت کروں گی،اپنی قوم اور پاکستان آرمی کی توقعات پر پورا اتروں گی۔