کراچی:وارداتیں کرنیوالااسٹریٹ کرمنلز کے گروہ کا سرغنہ ٹک ٹاکر نکلا

Oct 09, 2022 | 14:16 PM

JAWAD MALIK

ایک نیوز نیوز:  شہر قائد میں اسٹریٹ کرمنلز کے ایک گروہ کا سرغنہ ٹک ٹاکر نکلا، جو واردات میں استعمال ہونے والے اسلحے کے ساتھ ٹک ٹاک ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر ڈال دیتا تھا۔

تفصیلات کے مطابق ضلع وسطی کراچی میں کارروائیاں کرنے والا اسٹریٹ کرمنلز کے ایک گروہ کا سرغنہ ٹک ٹاکر نکلا ہے، نیو کراچی پولیس کو مطلوب یوسف موٹا مسلسل ٹک ٹاک پر ویڈیوز بنا کر ڈالتا ہے۔

نیو کراچی پولیس نے کچھ دن قبل سی سی ٹی وی فوٹیجز کی مدد سے اسٹریٹ کرمنلز کا ایک گروہ پکڑا تھا، انھوں نے نشان دہی کی کہ ان کا سرغنہ یوسف موٹا ہے، جو ایک ٹک ٹاکر ہے۔

پولیس نے مزید تفتیش کی تو پولیس کو یوسف موٹا کی ٹک ٹاک ویڈیوز بھی مل گئیں۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ یوسف موٹا جس پستول سے واردات کرتا ہے اسی کے ساتھ ویڈیوز بناتا ہے، ملزم نے شہر کے مختلف علاقوں میں گروہ بنا کر وارداتیں کیں، اور واردات کے بعد وہ اندرون سندھ فرار ہو جاتا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ یوسف موٹا کو واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں شناخت کیا گیا ہے۔

دوسری طرف پولیس حکام کا کہنا ہے کہ کراچی پولیس نے گزشتہ ایک ہفتے کے دوران کامیاب کارروائیوں میں 15 زخمی ڈاکوؤں سمیت 25 ملزمان رنگے ہاتھوں گرفتار کیے ہیں، جب کہ گزشتہ ہفتے کے دوران مجموعی طور پر 771 سے زائد ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔

پولیس حکام کے مطابق اہل کاروں اور ملزمان کے درمیان گزشتہ ہفتے 17 مقابلے ہوئے، جن میں 5 ڈاکو ہلاک ہوئے، منشیات فروش ملزمان سے لاکھوں روپے مالیت کی منشیات برآمد کی گئی، گرفتار اسٹریٹ کرمنلز سے 153 سے زائد غیر قانونی اسلحہ بھی برآمد کیا گیا۔

مزیدخبریں