عارف علوی،شہباز شریف اورپرویزالہٰی کی قوم کو نبی کریم ﷺ کی ولادت پر مبارکباد

Oct 09, 2022 | 11:42 AM

JAWAD MALIK

ایک نیوز نیوز: صدر عارف علوی،وزیراعظم شہبازشریف اور وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی کا کہنا ہےکہ نبی کریمؐ تمام انبیاء کرام کے سردار ہیں، اللہ تعالیٰ نے نبی کریمؐ کو رحمت اللعالمین بنا کر دنیا میں بھیجا اور پوری کائنات کو رشد و ہدایت نصیب ہوئی۔

تفصیلات کے مطابق صدر عارف علوی نے 12 ربیع الاول پر پیغام میں کہا کہ حضورﷺ کی تعلیمات کو مشعلِ راہ بنانے میں ہی کامیابی ہے، معاشرے، قوم اور ملک میں امن، خیر خواہی، دیانت اور ترقی چاہتے ہیں تو اسی مثالی معاشرے کی اعلی اقدار کو اپنانا ہوگا جس کی بنیاد نبی کریم ﷺنے رکھی تھی۔

ادھر وزیراعظم شہبازشریف نےکہا کہ انسانیت کے ہر دکھ کا مداوا رحمتِ دوجہاںﷺ کی کامل تابعداری میں پنہاں ہے، اللہ تعالیٰ ہمیں اپنے حبیب مکرمﷺ کی کامل اتباع واطاعت نصیب فرمائے۔

12 ربیع الاول کے موقع پر ملک کے مختلف شہروں میں موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی کے علاوہ جلوسوں کی سکیورٹی کیلئے خصوصی انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔

دوسری جانب عید میلادالنبیؐ کے پرمسرت موقع پر امت مسلمہ کو مبارکباد دیتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ نبی پاک ؐ نے جہالت کے اندھیرے میں ڈوبے ہوئے عرب کو ایک مہذب قوم بنایا، حضورکریمؐ نے مختصر مدت میں مثالی سماجی اور معاشی نظام دیا جو پوری دنیا کیلئے مشعل راہ ہے۔

چودھری پرویز الہٰی نے کہا کہ حضور پاکؐ نے خطبہ حجتہ الوداع کے موقع پر انسانی حقوق کا مکمل ضابطہ پیش کیا، آپؐ نے فتح مکہ پر دشمنوں کو معاف کرکے ایک عظیم روایت قائم کی، آپؐ نے ہی دنیا میں سب سے پہلے خواتین اور اقلیتوں کو حقوق دیئے، نبی پاکؐ کی زندگی تمام عالم کیلئے مکمل ضابطہ حیات ہے۔

مزیدخبریں