ویب ڈیسک: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ڈپلومیٹک انکلیو میں "کیس کیڈ" پولیس خدمت مرکز کا دورہ کیا۔
وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے سفارتکاروں اور غیر ملکی شہریوں کیلئےجدید سہولتوں سے آراستہ خدمت مرکز کے قیام کی تعریف کی، انہوں نے پولیس خدمت مرکز کے قیام کے لئے وزیر داخلہ محسن نقوی کے اقدام کو سراہا۔
شہباز شریف نے کہا کہ سفارتی برادری کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنا ہماری ترجیح ہے، اسلام آباد میں بین الاقوامی معیار کے مطابق اور دور حاضر کے تقاضوں کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے کیس کیڈ خدمت مرکز کا قیام لائق تحسین ہے۔
اس موقع پر نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور وزیر داخلہ محسن نقوی بھی ساتھ تھے، آئی جی اسلام آباد پولیس نے وزیراعظم کو سفارتی برادری اور غیر ملکی شہریوں کو فراہم کی جانے والی سہولتوں کے متعلق بریفنگ دی۔
علی ناصر رضوی نے کہا کہ خدمت مرکز میں سفارتی برادری اور غیر ملکی شہریوں کو ڈرائیونگ لائسنس کے اجرا و تجدید، کریکٹر سرٹیفکیٹ ، جنرل پولیس ویریفکیشن جیسی خدمات مہیا کی جائیں گی۔
اس کے علاوہ گمشدگی رپورٹ ، کرایہ داروں کی رجسٹریشن، فارنرز رجسٹریشن، گھریلو ملازمین کی رجسٹریشن، والنٹیئرز رجسٹریشن، گاڑیوں کی ویریفکیشن اورایف آئی آر کی کاپی کے حصول جیسی خدمات بھی فراہم کی جائیں گی۔