ویب ڈیسک: کرکٹ کی معروف ویب سائٹ نے دعویٰ کیا ہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو آگاہ کیا ہے کہ بھارتی ٹیم چمپیئنز ٹرافی 2025 کھیلنے کے لیے پاکستان نہیں جائے گی۔
کرک انفو نے اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ بی سی سی آئی نے آئی سی سی سے کہا ہے کہ بھارتی حکومت نے مشورہ دیا ہے کہ ٹیم کو پاکستان نہیں بھیجا جائے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بی سی سی آئی نے آئی سی سی کو رواں ہفتے کے شروع میں ہی آگاہ کیا تھا تاہم اب تک یہ واضح نہیں ہے کہ زبانی طور پر آگاہ کیا گیا ہے یا تحریری طور پر آئی سی سی کو ٹیم کی عدم شرکت کے حوالے سے بتایا گیا ہے۔
مزید کہا گیا ہے کہ یہ امکان ہے کہ آئی سی سی تحریری طور پر آگاہی چاہے گی تاکہ پی سی بی کو بھی باخبر کیا جائے۔
چمپیئنز ٹرافی 2025 پاکستان میں 19 فروری سے 9 مارچ کے درمیان شیڈول ہے لیکن بھارتی کرکٹ بورڈ کے اس فیصلے کے بعد آئی سی سی اور پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) دونوں کو ایونٹ کی کامیابی کے لیے متبادل منصوبہ تیار کرنے کی ضرورت ہوگی۔
بی سی سی آئی کے انکار کے بعد اب چمپیئنز ٹرافی ہائبرڈ ماڈل کے تحت منعقد ہوسکتی ہے اور اگر ایسا ہوا تو ٹورنامنٹ کے میچز پاکستان کے ساتھ ساتھ دوسرے مقام پر بھی کھیلے جائیں گے۔