ایک نیوز :لودھراں میں تیزرفتار ٹرالر نے موٹر سائیکل رکشے کو کچل ڈالا، جس کے نتیجے میں میاں بیوی اور بچوں سمیت 7 افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق افسوسناک ٹریفک حادثہ پنجاب کے شہر لودھراں میں پیش آیا، جہاں تیز رفتار ٹرالر نے موٹر سائیکل رکشے کو کچل دیا۔حادثے میں 7 افرادجاں بحق اور 3 زخمی ہوگئے، مرنے والوں میں میاں بیوی اور بچے بھی شامل ہیں۔
حادثے کے بعد لاشوں اور زخمیوں کو ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کردیا گیا، حادثے کا شکار افراد شادی کی تقریب میں جارہے تھے۔دوسری جانب نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے لودھراں کے قریب ٹریفک حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور اظہار تعزیت کیا۔
محسن نقوی نے کہا کہ جاں بحق افراد کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں، زخمی افراد کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کمشنر ملتان ڈویژن اور آر پی او لودھراں سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے غفلت کے ذمہ دار ڈرائیور کے خلاف قانونی کارروائی کا حکم دے دیا۔