ایک نیوز: مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر اور سابق وفاقی وزیر رانا ثناء اللہ نے کہا کہ 9 مئی کے ٹولے کو نکال کر پی ٹی آئی سے بات کرنے کیلئے تیار ہیں۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر اور سابق وفاقی وزیر رانا ثناء اللہ نے کہا کہ ہمارا یہ ظرف نہیں ان کی جیل میں ادویات و کھانا بند کر دیں، ہمارا پی ٹی آئی چیئرمین سے سوال ہے کہ وہ کہتے رہے جیل میں کوئی کلاس نہیں ہونی چاہئے بلکہ سب کلاس ختم کر دینی چاہئے، چیئرمین پی ٹی آئی اڈیالہ جیل میں دیکھ لیں جو ان کے ساتھ سلوک ہوا وہی سلوک دوسروں کے ساتھ بھی ہوا۔
سابق وفاقی وزیرنے کہا کہ پارٹی کے صدر شہبازشریف ہی ہیں، نوازشریف پارٹی کے قائد ہیں، جنوبی پنجاب کا جائزہ لیا وہاں اچھی پوزیشن ہے، مسلم لیگ ن میں نئے لوگ شامل ہو رہے ہیں، تمام حلقوں سے تگڑے امیدوار کھڑے ہوں گے، ہمیں امیدواروں کی کمی نہیں ہے، چناؤ میں دشواری ہو رہی ہے۔
رانا ثنااللہ نے کہا کہ نوازشریف چودھری شجاعت حسین سے جلد ملاقات کریں گے، آصف علی زرداری کو اپنی پارٹی کا سربراہ ہوتے ہوئے حق حاصل ہے لاہور کے وزیراعظم کا راستہ روکیں اور لاڑکانہ کے وزیراعظم کیلئے راہ ہموار کریں، عوام الیکشن میں سندھ لاہور یا کے پی کے حق میں ووٹ دیں ہمیں قبول ہوگا۔
مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر نے کہا کہ نوازشریف عام انتخابات میں حصہ لیں گے، شاہد خاقان عباسی بھائی اور بے باک انسان ہیں، وہ ن لیگ سے ناراض نہیں ہیں، شاہد خاقان عباسی پارٹی سے تعاون کریں گے۔