ایک نیوز: کراچی میں کانگو وائرس کا شکار ہونے والا مریض صحتیاب ہوگیا ہے۔ جسے اسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا ہے۔
اسپتال ذرائع کے مطابق کراچی کے علاقے کورنگی میں واقع فلاحی اسپتال میں کانگو کا مریض رپورٹ ہوا۔ مریض کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔ تاہم اس کی عمر 42 سال بتائی جارہی ہے جو کہ ڈسٹرکٹ ایسٹ کا رہائشی تھا۔
بتایا گیا ہے کہ مریض میں علامات ظاہر ہونے پر آغا خان اسپتال سے ٹیسٹ کرایا گیا۔ رپورٹ میں تصدیق ہونے کے بعد اسپتال کے آئسولیشن وارڈ میں داخل کیا گیا۔ گزشتہ روز مریض صحت یاب ہوکر گھر روانہ ہوگیا ہے۔
اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ متاثرہ شخص کی فیملی نے کوئی بھی تفصیلات شئیر کرنے سے منع کیا ہے۔
ذرائع محکمہ صحت کے مطابق محکمہ صحت کے افسران نے مریض میں وائرس کی تصدیق اور صحتیابی کو باقاعدہ کنفرم نہیں کیا۔ محکمے کی جانب سے شام میں یا کل تک بیان جاری کیا جائے گا۔