ریٹیلرز، ایگریکلچر، ریئل اسٹیٹ سیکٹر پر ٹیکس عائد کرنا ہوگا،آئی ایم ایف

آئی ایم ایف کا ریٹیلرز، ایگریکلچر، ریئل اسٹیٹ سیکٹر پر ٹیکس عائد کرنے کا مطالبہ
کیپشن: IMF calls for tax on retailers, agriculture, real estate sector

ایک نیوز: پاکستانی وزارت خزانہ اور ایف بی آر حکام کے آئی ایم ایف وفد کے ساتھ مذاکرات جاری ہیں۔ جس میں ہر روز آئی ایم ایف کی جانب سے ایک نیا مطالبہ سامنے آرہا ہے۔ 

ایف بی آر ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف نے ریٹیلرز، ایگریکلچر، رئیل اسٹیٹ پر ٹیکس عائد کرنے کا مطالبہ کردیا ہے۔ ٹیکس کلیکشن میں شارٹ فال ہوا تو ریٹیلرز پر دسمبر کے بعد سے فکسڈ ٹیکس عائد کیا جا سکتا ہے۔

ریٹیلرز پر ٹیکس عائد کرنے کیلئے اسکیم متعارف کرانے کے اختیارات ایف بی آر کے پاس ہیں۔ آئی ایم ایف کی جانب سے ایگریکلچر پر ٹیکس کیلئے صوبوں سے مشاورت اور رئیل اسٹیٹ پر ٹیکس عائد کیلئے انفورسمنٹ کا مطالبہ کردیا گیا ہے۔ 

آئی ایم ایف مشن نے ٹیکس پالیسی میں ترامیم اور ٹیکس فلاز ختم کرنے کیلئے ایف بی آر کو تجاویز بھی دی ہیں۔ جن سیکٹرز سے ٹیکس وصولی کم ہے وہاں ٹیکس پالیسی مؤثر بنا کر انفورسمنٹ کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ 

ایف بی آر نے رواں مالی سال کے اختتام تک ریونیو پروجیکشن رپورٹ آئی ایم ایف کو فراہم کر دی۔ آئی ایم ایف مشن پرسوں تک ریونیو پروجیکشن رپورٹ پر رسپانس دے گا۔ ٹیکس پالیسی اور ٹیکس ایڈمنسٹریشن کیلئے قائم ٹاسک فورس بارے آئی ایم ایف کو بریفنگ دی گئی۔