ایک نیوز :ترجمان افغان حکومت نےکہا ہے کہ امارت اسلامیہ کسی کو افغان سر زمین پاکستان کے خلاف استعمال کرنے کی اجازت نہیں دیتی۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان افغان حکومت ذبیح اللہ مجاہد نے کہا کہ ہم کسی ملک کے اندرونی معاملات میں مداخلت یا کسی کے خلاف اقدامات نہیں چاہتے۔ہم اپنے ملک کی طرح پاکستان میں بھی امن کے خواہاں ہیں، امارت اسلامیہ کسی کو افغان سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال کرنےکی اجازت نہیں دیتی۔
ذبیح اللہ مجاہد نے کہا کہ پاکستان کے اندر قیام امن امارت اسلامیہ کی ذمہ داری نہیں، اپنے مسائل خود حل کریں، اپنی ناکامی کا ذمہ دار افغانستان کو قرار نہ دیں، پاکستان میں بے امنی کے واقعات دلیل نہیں کہ اس کے پیچھے افغانستان ہے۔
ترجمان افغان حکومت ذبیح اللہ مجاہد نے اپنے بیان میں کہ افغانستان میں اسلحے محفوظ ہیں،کسی غیر ذمہ دار کے ہاتھ نہیں لگے، اسلحےکی اسمگلنگ ممنوع ہے، ہر غیر قانونی اقدامات کی روک تھام کی گئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ افغانستان برادر، پڑوسی کی طرح پاکستان سے اچھے تعلقات چا ہتا ہے، پاکستان کو بھی افغان حکومت کی حسن نیت کا ادراک کرنا چاہیے۔ترجمان نے مزید کہا کہ کسی دوسرے ملک میں مداخلت نہ کرنے کے ہمارے عزم پر کوئی شک نہیں ہونا چاہیے۔