ایک نیوز نیوز: پاکستان تحریک انصاف جمعرات سے دوبارہ لانگ مارچ کا آغاز کرنے جارہی ہے۔ پنجاب کے شہر وزیرآباد سے دوبارہ لانگ مارچ کا آغاز کیا جائے گا۔ اس سے قبل پنجاب پولیس نے وزیرآباد میں مسلم لیگ ن کی مقامی قیادت کیخلاف کریک ڈاؤن تیز کردیا ہے۔
وزیرآباد پولیس نے تصدیق کی ہے کہ ن لیگ کے سابق یوسی چیئرمین امتیاز باگڑی کو پولیس نے حراست میں لے لیا ہے۔ امتیاز باگڑی کو کل شروع ہونے والے پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کے باعث حراست میں لیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق امتیاز باگڑی نے لانگ مارچ روکنے کیلئے اشتعال انگیز بیان دیے تھے۔
دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ ن کے ایم این اے ڈاکٹر نثار چیمہ نے گرفتاری پر سخت ردعمل دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امتیاز باگڑی کو فوری رہا کیا جائے۔ اگر ایسا نہ کیا گیا تو احتجاج کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔
ذرائع کے مطابق وزیرآباد میں ن لیگ کے سابق ضلعی صدر مستنصر گوندل کے گھر بھی پولیس کا چھاپا مارا گیا۔ مستنصر گوندل گھر پر موجود نہ ہونے پر پولیس اہلکار واپس لوٹ گئے۔