ایک نیوز نیوز: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان میں امن و استحکام ہمارے شہداء کی قربانیوں کی مرہون منت ہے۔ملکی سرحدوں کے دفاع کیلئے کسی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پشاور کا دورہ کیا ۔ کور ہیڈکوارٹرز پشاور میں کورکمانڈر لیفٹیننٹ جنرل حسن اظہر حیات نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔ اس موقع پر سپہ سالار نے یادگار شہداء پر پھولوں کی چادر بھی چڑھائی۔
آرمی چیف نے امن و استحکام حاصل کرنے میں فارمیشن کی کوششوں کو سراہا۔ جنرل قمر جاوید باجوہ کا پشاور کور کے افسروں و جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ضم ہونے والے قبائلی اضلاع کی سماجی و معاشی ترقی کے لیے محفوظ اور سازگار ماحول شہداء کی قربانیوں کے مرہون منت ہے۔شہدا ء کی قربانیوں کے بغیر معاشی و اقتصادی ترقی ممکن نہیں۔قوم کے لیے خدمات کی انجام دہی میں ہمیشہ پیشہ وارانہ فرائض پر توجہ مرکوز رکھیں۔