دنیا کی سب سے بڑی لاٹری ، دو ڈالر کا ٹکٹ ، 1 ارب ڈالر جیت لئے

Nov 09, 2022 | 15:00 PM

 ایک نیوز نیوز: امریکی ریاست کیلیفورنیا میں دنیا کی سب سے بڑی لاٹری ، دو ڈالر کا ٹکٹ خریدنے والے خوش قسمت شہری نے  ایک ارب ڈالر  جیت لئے۔

 بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق  دنیا کی سب سے بڑی لاٹری کا ایک ٹکٹ غیر معمولی طور پر دو ارب ڈالر کے پاور بال جیک پاٹ کے ہر نمبر سے میچ کر گیا ہے۔اس کا مطلب ہے کہ اس ٹکٹ کے مالک کو یک مشت تقریباً ایک ہزار ملین (ایک ارب) امریکی ڈالر کی خطیر رقم بطور انعام ملے گی۔ تاہم اس رقم میں سے ان کو ٹیکس ادا کرنا ہو گا۔

امریکی ریاست فلوریڈا میں ایک اور شخص نے دو ملین (20 لاکھ) امریکی ڈالر کا انعام جیتا جب کہ 22 افراد نے ایک ایک ملین (دس لاکھ) ڈالر جیتے۔

امریکہ کی ملٹی سٹیٹ لاٹری ایسوسی ایشن کے مطابق جیک پاٹ کی مجموعی انعامی رقم 1.9 ارب ڈالر سے بڑھ کر اب 2.4 ارب ڈالر ہو چکی ہے جو دنیا میں سب سے بڑا لاٹری انعام ہے۔ریاست کیلیفورنیا کی لاٹری کی جانب سے ٹوئٹر پر کہا گیا کہ سب سے بڑا انعام جیتنے والا ٹکٹ ایک مقامی سروس سینٹر سے خریدا گیا تھا۔

 دیگر 22 لاٹری جیتنے والے افراد کا تعلق امریکہ کی 16 ریاستوں سے ہے جن میں نیو جرسی، پنسلوینیا، شمالی کیرولینا، ٹیکساس، میری لینڈ اور جورجیا شامل ہیں۔ دو اور ایک ملین کا انعام جیتنے والوں کے علاوہ تقریباً 219 افراد نے 50 ہزار ڈالر اور 51 نے ڈیڑھ لاکھ ڈالر جیتے۔

 گذشتہ رات پاور بال نے اعلان کیا تھا کہ لاٹری کا ڈرا 10 گھنٹے تک تاخیر کا شکار ہوا ہے کیوں کہ 48 لاٹریوں میں سے ایک میں ابھی تک سیلز مکمل نہیں ہوئی تھیں۔ اس لاٹری کے حتمی ڈرا، یعنی انعام جیتنے کا فیصلہ، کرنے سے پہلے ضروری ہے کہ اس میں شامل تمام 48 لاٹریاں اپنی سیلز مکمل کر لیں۔تنظیم کی جانب سے کہا گیا کہ اس کھیل کی حفاظت اور تمام کھلاڑیوں کو جیتنے کا برابر موقع دینے کے لیے سخت سکیورٹی انتظامات کیے جاتے ہیں تاکہ کسی قسم کی دو نمبری نہ ہو سکے۔پاور بال کے مطابق جیک پاٹ جیتنے کا امکان 292 ملین میں سے ایک تھا۔

اس بار کے ڈرا میں جیت کے ہندسے 10، 33، 41، 47، 56 اور پاور 10 تھے۔اب تک جیتنے والے ٹکٹ کے مالکان کی شناخت سامنے نہیں آ سکی۔

 چند ریاستوں میں ٹکٹ جیتنے والوں کو اپنی شناخت چھپا کر رکھنے کی اجازت ہے تاہم کیلیفورنیا سمیت چند ریاستوں میں لاٹری جیتنے کے بعد انعامی رقم حاصل کرنے کے لیے شناخت ظاہر کرنا ضروری ہوتا ہے۔

 اس سے قبل دنیا کا سب سے بڑا جیک پاٹ جیتنے کا ریکارڈ 2016 میں بنا تھا جب 1.6 ارب ڈالر کا جیک پاٹ تین کھلاڑیوں کے درمیان تقسیم کیا گیا تھا۔

پاور بال کا ٹکٹ صرف دو ڈالر میں خریدا جا سکتا ہے اور جیتنے والے کے پاس یہ اختیار ہوتا ہے کہ وہ پوری رقم حاصل کر سکے۔لاٹری جیتنے والے کے پاس یہ راستہ بھی موجود ہوتا ہے کہ وہ پوری رقم کی قسطیں کروا لے جو اسے 29 سال کے دوران ملتی ہیں لیکن عام طور پر زیادہ تر لوگ پوری رقم یکمشت حاصل کر لیتے ہیں۔

اس گیم کا آغاز 1992 میں ہوا تھا اور یہ امریکہ کی 50 میں سے 45 ریاستوں میں کھیلی جاتی ہے۔جیک پاٹ جیتنے کے لیے ضروری ہوتا ہے کہ ٹکٹ پر وہی چھ ہندسے درج ہوں جو لاٹری میں نکلیں۔اگر ایک سے زیادہ افراد لاٹری کھیلتے ہوئے ایک جیسے چھ ہندسوں کا انتخاب کر لیں، اور جیت جائیں، تو جیک پاٹ ان کے درمیان تقسیم کر دیا جاتا ہے۔

جیت کی انعامی رقم پر 24 سے 37 فیصد وفاقی ٹیکس لاگو ہوتا ہے۔ ریاست کی جانب سے لاٹری پر لاگو ٹیکس اس کے علاوہ ہوتا ہے۔ امریکہ کی صرف 10 ایسی ریاستیں ہیں جن میں لاٹری کی رقم پر ٹیکس نہیں دینا پڑتا۔متعدد علاقوں، جن میں نیو یارک شامل ہے، جیت کی رقم پر میونسپل ٹیکس بھی لاگو ہوتا ہے۔

آخری بار پاور بال کا جیک پاٹ تین اگست کو جیتا گیا تھا۔ جیتنے والے شخص نے 206 ملین امریکی ڈالر وصول کیے۔ جولائی میں میگا ملین ٹکٹ پر ا1.34 ارب ڈالر جیتے گئے تھے۔

اس کھیل میں شرکت کے لیے کم از کم 18 سال عمر کی شرط ہے۔ تاہم چند ریاستوں میں عمر کی حد 21 سال رکھی گئی ہے۔پاور بال کا ٹکٹ آن لائن خریدا جا سکتا ہے اور اس کے لیے امریکی شہریت ضروری نہیں۔

تاہم جیت کی صورت میں انعامی رقم وصول کرنے کے لیے اسی ریاست میں جانا پڑتا ہے جہاں کا ٹکٹ ہوتا ہے۔

واضح رہے کہ پاور بال کے علاوہ بھی امریکہ میں لاٹری کی کئی گیمز ہیں اور ان میں بھی ایسے ہی قوانین ہیں۔2015 میں ایک 37 سالہ عراقی شہری نے 6.4 ملین ڈالر کا انعام جیتا تھا۔ انھوں نے ’میگا بکس‘ نامی جیک پاٹ جیتا تھا جس کا ٹکٹ انھوں نے ایک ویب سائٹ کے ذریعے خریدا تھا۔آسٹریلیا اور ایل سلواڈور سے بھی لوگ لاٹری جیت چکے ہیں۔

پاور بال کو ملٹی سٹیٹ لاٹری ایسوسی ایشن چلاتی ہے جو 38 ریاستی لاٹریوں کی تنظیم ہے۔اس تنظیم کی بنیاد 1987 میں رکھی گئی تھی اور ایک سال بعد ’لوٹو امریکہ‘ کے نام سے پہلی گیم شروع کی گئی تھی۔ ٹکٹ کی فروخت سے حاصل ہونے والی رقم سے ہی انعام دیا جاتا ہے جبکہ باقی بچ جانے والی رقم حکومت کے زیر انتظام ان ریاستی لاٹریز کو دے دی جاتی ہے جو پاور بال کا حصہ ہیں۔

نارتھ امریکن ایسوسی ایشن آف سٹیٹ اور پروونشل لاٹریز کے مطابق 2019 کے مالی سال میں لاٹری ٹکٹ کی فروخت سے 91 ارب ڈالر سے زیادہ کی رقم حاصل ہوئی تھی۔

مزیدخبریں