ایک نیوز نیوز : امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ احتساب کے پر کاٹ دیے گئے ہیں ، پچاس کروڑ روپے تک کی کرپشن پرکھلی چھٹی ہے۔ انصاف کے دروازے غریبوں پر بند ہیں ، پیسوں کے بغیر کوئی عدالت نہیں جا سکتا،شدید سیاسی بحران اور افراتفری کی وجہ سے غریب، غربت سے بے حال ہو گیا ہے اور وفاقی اور صوبائی حکومتیں بے بس ہیں اور آپس میں لڑ رہی ہیں ۔
تفصیلات کے مطابق سراج الحق کا کہنا ہے کہ فی الوقت درآمد کے لیے خزانہ بلکل خالی ہو چکا ہے۔ قوم کو یہ جان لینا چاہیئے کہ پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی کا جھگڑا غریب کی بہتری کے لیے نہیں، اور نہ ہی یہ حکمران ملک میں جہالت، مہنگائی، اور بے روزگاری کو ختم کرنے کے لیے لڑ رہے ہیں، ان کو کرسی اور اپنی انا کی تسکین عزیز ہے۔ حکمران عام پڑھے لکھے نوجوانوں کو آگےنہیں آنے دیتے، حکمرانوں کی ناکام پالیسیوں کی وجہ سے معیشت برباد ہو گئی۔
جماعت اسلامی کی کوشش کسی خاص سیاسی جماعت یا شخصیت کے خلاف نہیں ہم فرسودہ نظام کو ختم کرنا چاہتے ہیں،عوام سے اپیل ہے کہ وہ آزمائے ہوئے مہروں پر دوبارہ یقین کرنے کے بجائے قابل اور ایماندار قیادت کو آگے آنے کا موقع دیں،ملک کے مسائل صرف اسلامی نظام سے ہی ختم ہو سکتے ہیں۔