شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کا 145 واں یوم پیدائش

Nov 09, 2022 | 09:26 AM

JAWAD MALIK

ایک نیوز نیوز: شاعر مشرق اور عظیم مفکر ڈاکٹر علامہ محمد اقبالؒ کا 145 واں یوم پیدائش آج منایا جا رہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق  لاہور میں آج  علامہ اقبال کی پیدائش کے موقع پر  مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پر وقار تقریب منعقد ہوئی جہاں پاک بحریہ کے چاق وچوبند دستے  نے اعزازی گارڈز کی ذمہ داری سنبھا لی جبکہ مہان خصوصی نیول چیف کی جانب سے مزاراقبال پر  پھول بھی چڑھائے گئے۔پاک بحریہ کے اسٹیشن کمانڈر لاہور کموڈور ساجد حسین نے مزار اقبال پر مہمانوں کی کتاب میں اپنے کلمات درج کیے۔

 دوسری جانب علامہ اقبال کے یومِ ولادت پر آج ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے آج کے دن وفاقی اور صوبائی ادارے بند رہیں گے جبکہ ملک کے تمام نجی اور سرکاری تعلیمی اداروں، اسٹیٹ بینک سمیت دیگر وفاقی اور صوبائی محکموں میں بھی آج چھٹی کا اعلان کیا گیا ہے۔ ملک بھرمیں یوم اقبال کے حوالے تقاریب منعقدکی جائیں گی۔

 تاہم سپریم کورٹ میں آج تعطیل نہیں ہوگی، سپریم کورٹ میں آج معمول کے مطابق کیسز کی سماعت ہوں گی۔

واضح رہے کہ  9 نومبر 1877 کو سیالکوٹ میں آنکھ کھولنے والے علامہ محمد اقبال نے ابتدائی تعلیم اپنے آبائی شہر میں حاصل کی اور پھر لاہور کا رخ کیا۔ 1899 میں ایم اے کرنے کے بعد اورینٹل کالج میں شعبہ درس و تدریس سے وابستہ ہوگئے اور اس دوران شاعری بھی جاری رکھی۔

علامہ اقبال نے 1905 میں برطانیہ چلے گئے جہاں پہلے انھوں نے کیمبرج یونیورسٹی ٹرنٹی کالج میں داخلہ لیا اور پھر معروف تعلیمی ادارے لنکنزاِن میں وکالت کی تعلیم لینا شروع کردی بعد ازاں بعد وہ جرمنی چلے گئے جہاں میونخ یونیورسٹی سے انھوں نے فلسفہ میں پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی۔

ڈاکٹر محمد اقبال نے 1910 میں وطن واپسی کے بعد وکالت کے ساتھ سیاست میں بھی حصہ لینا شروع کیا اور اپنی شاعری کے ذریعے فکری اور سیاسی طور پر منتشر مسلمانوں کو خواب غفلت سے جگایا۔ 1934 کو مسلم لیگ کے مرکزی پارلیمانی بورڈ کے رکن بنے تاہم طبیعت نے ان کا ساتھ نہ دیا اور وہ قیام پاکستان سے 9 برس قبل 21 اپریل 1938 کو لاہور میں اپنے خالق حقیقی سے جاملے۔

حکومت پاکستان نے کئی سال کے بعد رواں برس مفکر پاکستان کے یوم پیدائش کے موقع پر ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان کیا ہے۔

مزیدخبریں