ایک نیوز نیوز: پنجاب حکومت نے صوبے میں نئے آئی جی کی تعیناتی کے لیے وفاق کو تین نام بھیج دیے جن میں سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر کا نام بھی شامل ہے۔
تفصیلات کے مطابق نئے آئی جی پنجاب کی تقرری کے معاملے پر پنجاب حکومت نے وزیراعلیٰ کی منظوری کے بعد وفاق کو آئی جی کی تعیناتی کیلئے پینل نام بھجوا دیے۔
پنجاب حکومت کی جانب سے وفاق کو بھیجے جانے والے ناموں میں فیاض احمد دیو ایڈیشنل آئی جی پولیس، عامر ذوالفقار ایڈیشنل آئی جی پولیس، غلام محمود ڈوگر ایڈیشنل آئی جی پولیس کے نام شامل ہیں۔
صوبائی حکومت کی جانب سے بھیجی جانے والی سمری میں کہا گیا ہے کہ فیصل شاہکار آئی جی پنجاب کے عہدے پر کام جاری رکھنے سے معذرت کرچکے ہیں جبکہ صوبائی کابینہ نے بھی اُن پر عدم اعتماد کا اظہار اور سانحہ وزیر آباد میں اُن کی کارکردگی بارے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔