ایک نیوز :سندھ کے ضلع خیرپور کے علاقے گوٹھ فیض محمد راجپر میں خسرہ کی وباء پھیل گئی۔2بچے جان کی بازی ہار گئے۔
اہل علاقہ کے مطابق گوٹھ فیض محمد راجپر میں خسرے سے2 بچے جاں بحق ہوگئے جبکہ 10سے زائد بچے خسرہ میں مبتلا ہیں۔ پورے علاقےمیں بیماری پھیل چکی ہے، انتظامیہ سے درخواست ہے کہ متاثرین کو فوری طور پر طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔
واضح رہے کہ خسرہ انتہائی متعدی اور ممکنہ طور پر شدید بیماری ہے جو بخار، سرخ دانوں، کھانسی اور آنکھوں کی سرخی اور آنکھوں سے پانی بہنے کا باعث بنتی ہے۔ یہ بنیادی طور پر خسرے سے متاثرہ شخص کے کھانسنے یا چھینکنے کے بعد ہوا کے ذریعے پھیلتی ہے۔
طبی ماہرین کے مطابق خسرے کی علامات متاثرہ ماحول میں رہنے کے سات سے 21 دن بعد نمودار ہوتی ہیں۔ خسرہ دانے نکلنے کے اندازاً چار دن پہلے سے لے کر دانے نکلنے کے چار دن بعد تک متعدی ہوتا ہے۔