ایک نیوز : تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا کہ عمران خان کی ہدایت کو مدنظر رکھتے ہوئے اگلے لائحہ عمل کا اعلان کروں گا، اگر مجھے بھی گرفتار کیا گیا تو پارٹی کی قیادت کوئی اور سنبھالے گا۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ عمران خان کی گرفتاری کی مذمت کرتا ہوں،یہ اقدام غیر اخلاقی، غیر قانونی اور غیر آئینی ہے، عمران خان کی گرفتاری کے تانے بانے لندن سے ملتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے بائیو میٹرک کے لیے جاتے ہوئے گاڑی میں ویڈیو ریکارڈ کی اور اپنے خدشات کا اظہار کیا، چیئرمین نے تو خود گرفتاری دینے کا بھی کہا تھا۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ عمران خان پاکستان کے سابق وزیر اعظم اور ملک کی سب سے بڑی پارٹی کے سربراہ ہیں، اُن کی گرفتاری کے بعد عوام نے از خود مختلف مقامات پر احتجاج شروع کردیے ہیں۔
پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین نے کہا کہ لاقانونیت کے خلاف ہم کو سر اٹھانا ہوگا اور اس کو رکوانا ہوگا، اس کے بعد ہی ملک مستحکم اور معاشی طور پر خوش حال ہوگا۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ عمران خان کی ہدایت کو سامنے رکھتے ہوئے اپنے اگلے لائحہ عمل کا اعلان کروں گا، اگر اب میری گرفتاری کا نمبر ہے تو قیادت کا جھنڈا کسی اور کے پاس جائے گا جیسے صبح یہ عمران خان کے پاس تھا اب میرے پاس اور ممکن ہے رات کو یہ کسی اور کے پاس ہو۔