گرمی کی شدت میں اضافہ، محکمہ موسمیات نے خبردار کر دیا

گرمی کی شدت میں اضافہ، محکمہ موسمیات نے خبردار کر دیا

ایک نیوز: ملک کے بیشتر علاقوں میں درجہ حرارت میں اضافہ کا امکان ہے،جنوبی علاقے گرمی کے زیراثر رہیں گے۔

تفصیلات کے مطابق ترجمان محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ فضا میں ہوا کے زیادہ دباؤ سے بیشتر مقامات پر موسم گرم رہنے کا امکان ہے۔ جنوبی علاقوں میں 10 سے 13 مئی تک درجہ حرارت میں اضافے کا امکان ہے۔ سندھ، جنوبی پنجاب اور بلوچستان میں درجہ حرارت میں تین سے پانچ ڈگری اضافے کا امکان ہے۔

اسلام آباد میں درجہ حرارت دو سے تین ڈگری معمول سے زیادہ رہے گا جبکہ بالائی و وسطی پنجاب، خیبر پختونخوا، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان میں بھی درجہ حرارت دو سے تین ڈگری معمول سے زائد رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کسان موسمی حالات کے مطابق فصلوں کو پانی دینے کے مناسب اقدامات کریں، عوام گرمی سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔