ایک نیوز: ایف آئی اے امیگریشن نے ملتان ائرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئےجعلی سفری دستاویزات پر بیرون ملک جانے والے 2 مسافروں کو آف لوڈ کر دیاہے۔
تفصیلات کے مطابق ملزمان وزٹ ویزے پر فلائٹ نمبر FZ0340 سے پرتگال جا رہے تھےاورملزمان کے پاسپورٹ پر شینگن کے جعلی ویزے لگے ہوئے تھے۔گرفتار ملزمان میں عمران خان اور محمد احمد شامل ہیں،محمد احمد کا تعلق راولپنڈی جبکہ عمران خان کا تعلق محمند ایجنسی سے ہے۔ملزمان کو قانونی کارروائی کے لئے اینٹی ہیومن ٹریفیکنگ سرکل ملتان منتقل کر دیا گیا ہے۔
ڈائریکٹر ایف آئی اے ملتان زون خالد انیس نے امیگریشن ٹیم کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ شہریوں کے ساتھ ویزا فراڈ میں ملوث انسانی سمگلروں کی گرفتاری کے لئے تمام تر وسائل کو بروئے کار لایا جائے گا۔کسی کو بھی شہریوں کی جمع پونجی ہتھیانے اور زندگیوں سے کھیلنے کی اجازت نہیں۔ویزا فراڈ میں ملوث انسانی سمگلرز کے ساتھ قانون کے مطابق سختی سے نمٹا جائے گا۔
ڈائریکٹر ایف آئی اے کا مزید کہنا ہے کہ جعلی سفری دستاویزات بنانے والے ایجنٹوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔