رونالڈو کے بعد میسی بھی سعودی کلب سے معاہدہ کیلئے رضامند

رونالڈو کے بعد میسی بھی سعودی کلب سے معاہدہ کیلئے رضامند

ایک نیوز: ارجنٹائن کے اسٹار فٹبالر لیونل میسی نے فرانسیسی کلب کو خیر باد کہہ کر سعودی عرب کے فٹبال کلب الہلال کے ساتھ معاہدے پر دستخط کرنے پر رضامندی ظاہر کر دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق یہ انکشاف برطانوی اشاعت ڈیلی ایکسپریس نے کیا ہے۔لیونل میسی اس وقت فرانس کے کلب پیرس سینٹ جرمین کے لیے کھیل رہے ہیں لیکن پی ایس جی نے گزشتہ دنوں سعودی عرب میں چھٹیاں منانے پر لیونل میسی کو 2 ہفتوں کے لیے معطل کر دیا تھا۔لیونل میسی پر سعودی عرب میں سیاحت کے سفیر کے طور پر ذمہ داری نبھانے پر کلب کی جانب سے جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔

 لیونل میسی نے پی ایس جی کے ساتھ 2 سال تک کھیلنے کا معاہدہ کیا تھا جو رواں سال ختم ہوجائے گا۔فرانسیسی کلب کی جانب سے معطلی پر خیال ظاہر کیا جا رہا تھا کہ لیونل میسی معاہدے کی تجدید نہیں کریں گے اور کسی دوسرے کلب کے لیے کھیلنے کو ترجیح دیں گے۔

 رپورٹس سامنے آئیں کہ سعودی عرب کے فٹبال کلب الہلال نے میسی کو تاریخ کے  سب سے زیادہ معاوضے کے معاہدوں میں سے ایک کی پیشکش کردی ہے۔ سعودی کلب کی جانب سے میسی کو  262 ملین پاؤنڈز( 93 ارب روپے سے زائد) سالانہ معاہدے کی پیشکش کی گئی ہے جو کہ فٹبال کی تاریخ کے مہنگے ترین معاہدوں میں سے ایک ہے۔برطانوی میڈیا کا کہنا ہے کہ میسی سعودی کلب کی پیشکش قبول کرنے پر رضامند ہوگئے ہیں اور اس حوالے سے جلد باضابطہ اعلان بھی متوقع ہے۔

واضح  رہے کہ کرسٹیانو رونالڈو نے 2025 تک سعودی کلب النصر کے لیے کھیلنے کے معاہدے پر دستخط کیے ہوئے ہیں۔