نوازشریف کاآصف زرداری کوفون،صدرمنتخب ہونےپرمبارکباد دی

Mar 09, 2024 | 20:14 PM

ایک نیوز :مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف کا نومنتخب صدر آصف زرداری کو فون،مبارکباد پیش کی ۔

ذرائع کے مطابق  نومنتخب صدر آصف زرداری نے مبارکباد پرنوازشریف کا شکریہ اداکیا۔دونوں رہنماؤں کا ملک کو درپیش چیلنجوں سے نمٹنے کےلئے مشترکہ کوششوں پر اتفاق  کیا۔

ذرائع کےمطابق قائد ن لیگ نوازشریف اور نومنتخب صدر آصف زرداری کے مابین کل اہم ملاقات ہوگی۔

  واضح رہے کہ صدارتی انتخابات میں حکمران اتحاد نے معرکہ مار لیا،آصف علی زرداری دوسری بار بھاری اکثریت سے صدرپاکستان منتخب ہو گئے۔

 نومنتخب صدرمملکت آصف علی زرداری 2008سے 2013تک صدارت کے منصب پرفائز رہ چکے ہیں۔

حکمران اتحاد کے صدارتی امیدوار آصف علی زرداری کو پارلیمنٹ سے 255سے زائد جبکہ سنی اتحاد کونسل کے امیدوار محمود اچکزئی کو 119سے زائد ووٹ ملے ۔

حکمران اتحاد کے امیدوار آصف علی زرداری نے پنجاب اسمبلی سے 246 ووٹ حاصل کئے۔جبکہ سنی اتحاد کونسل کے امیدوار محمود خاں اچکزئی صرف 100 ووٹ ہی حاصل کر سکے،6 ووٹ مسترد کر دئیے گئے۔

بلوچستان اسمبلی سے حکمران اتحاد کے صدارتی امیدوار آصف علی زرداری نے 47جبکہ سنی اتحاد کونسل کے امیدوار نے کوئی ووٹ حاصل نہیں کیا۔

خیبرپختونخوا اسمبلی سے سنی اتحاد کونسل کے امیدوارمحمود خان اچکزئی نے 91الیکٹورل ووٹ جبکہ حکمران اتحاد کے صدارتی امیدوار آصف علی زرداری نے 17ووٹ حاصل کئے۔

سندھ اسمبلی میں پیپلزپارٹی کےصدارتی امیدوارآصف زرداری کو 151 ووٹ ملے،سنی اتحادکونسل کےامیدوارمحمودخان اچکزئی کو9ووٹ ملےجبکہ 1ووٹ مستردہوا۔

مزیدخبریں