مسلح افواج ملکی خودمختاری کا دفاع کرنے کیلئے تیار ہیں،آرمی چیف 

مسلح افواج ملکی خودمختاری کا دفاع کرنے کیلئے تیار ہیں،آرمی چیف 
کیپشن: Armed forces are ready to defend the country's sovereignty, Army Chief

ایک نیوز:آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کاکہنا ہے کہ مسلح افواج ملکی خود مختاری کا دفاع کرنے کیلئے تیار ہیں۔
پاک فوج کےشعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر)کےمطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے رحیم یارخان میں جنگی مشق شمشیر صحرا کے مشاہدے کے دوران پورا دن جوانوں اور افسران کے ساتھ گزارا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق مشقوں کامقصدجنگی ماحول میں پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں بہتری لاناہے،آرمی چیف نےمشقوں کےدوران مختلف جنگی مشقوں کامشاہدہ کیا۔
 اعلامیے کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے آرمر، انفنٹری، میکانائزڈ انفنٹری، آرٹلری، ایئر ڈیفنس اور اینٹی ٹینک گائیڈڈ میزائل سمیت مختلف عناصر کے مربوط فائر اور جنگی مشقوں کا مشاہدہ کیا۔مشق میں پاک فضائیہ کے طیاروں نے بھی حصہ لیا۔اس مشق میں الیکٹرانک وارفیئر کی صلاحیتوں اور معلوماتی آپریشنز کو بھی شامل کیا گیا ۔
 آئی ایس پی آر کے مطابق الیکٹرانک وار فئیر کی مشق جنگ کے دوران دشمن کی مواصلاتی صلاحیتوں اور ڈس انفارمیشن مہم کو دبانے کے لیے درکار تھے۔آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے مشق میں شریک فوجیوں کے ساتھ بات چیت بھی کی اور تربیتی معیارات، آپریشنل تیاریوں اور تمام رینکس کے اعلیٰ حوصلے کی تعریف کی۔
آئی ایس پی آرکےمطابق مسلح افواج کو دشمن کی کسی بھی مہم جوئی کے لیے ہمہ وقت تیار رہنا چاہیے، مسلح افواج، قوم کی حمایت سے، مادر وطن کی علاقائی سالمیت اور خودمختاری کا دفاع کرنے کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔
 آئی ایس پی آر کے مطابق قبل ازیں فیلڈ ایریا پہنچنے پر کور کمانڈر کراچی اور انسپکٹر جنرل ٹریننگ اینڈ ایویلیوایشن نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔