آصف علی زرداری بھاری اکثریت سےدوسری بار صدرپاکستان منتخب

آصف علی زرداری بھاری اکثریت سے14ویں صدرپاکستان منتخب 
کیپشن: آصف علی زرداری بھاری اکثریت سے14ویں صدرپاکستان منتخب 

ایک نیوز:صدارتی انتخابات میں حکمران اتحاد نے معرکہ مار لیا،آصف علی زرداری دوسری بار بھاری اکثریت سے صدرپاکستان منتخب ہو گئے۔

 نومنتخب صدرمملکت آصف علی زرداری 2008سے 2013تک صدارت کے منصب پرفائز رہ چکے ہیں۔

الیکشن کمیشن نے نتائج کااعلامیہ جاری کردیا

الیکشن کمیشن نے صدارتی انتخاب کے نتائج کا اعلامیہ جاری کر دیا۔
 ریٹرننگ افسر کے مطابق آصف علی زرداری کو 411 محمود خان اچکزئی کو 181 ووٹ ملے۔ 9ووٹ مسترد کئے گئے ۔

سینٹ قومی اسمبلی اور چاروں صوبائی اسمبلیوں کی مجموعی نشستیں 1185 ہیں۔ 92 نشستیں خالی ہونے، نوٹیفکیشن روکے جانے یا حلف نہ اٹھانے کے باعث الیکٹورل کالج میں شامل نہیں تھیں۔ پارلیمنٹ اور چاروں صوبائی اسمبلیوں میں 1093 میں سے 1044 ووٹرز نے حق رائے دہی استعمال کیا۔

الیکشن کمیشن کے اعلامیہ کے مطابق   کل حتمی نتیجہ مرتب کر کے وفاقی حکومت کو بھجوایاجائے گا۔

صدارتی انتخاب کے لیے پولنگ کا عمل صبح 10  بجے شروع ہوا جو  شام 4 بجے تک جاری رہا، قومی اسمبلی، سینیٹ اور صوبائی اسمبلیوں کے اراکین نےاپنا ووٹ کاسٹ کیا۔پولنگ ایجنٹس کی موجودگی میں ووٹوں کی گنتی  کی گئی۔

 حکومتی اتحاد کی جانب سے آصف زرداری اور سنی اتحاد کونسل  کی جانب سےمحمود خان اچکزئی صدارتی امیدوار  تھے۔

 پارلیمنٹ کے نتائج

حکمران اتحاد کے صدارتی امیدوار آصف علی زرداری کو پارلیمنٹ سے 255سے زائد جبکہ سنی اتحاد کونسل کے امیدوار محمود اچکزئی کو 119سے زائد ووٹ ملے ۔

ارکان قومی ا سمبلی اور سینیٹرز نے مشترکہ طورپرقومی اسمبلی کے ایوان میں ووٹ کاسٹ کئے  پہلا ووٹ پیپلز پارٹی کے عبدالحکیم بلوچ نے کاسٹ کیا۔

 وزیراعظم شہباز شریف،صدر ن لیگ نوازشریف، صدارتی امیدوار آصف علی زرداری، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور اسحاق ڈار نے بھی ووٹ کاسٹ کیے۔  

صدارتی الیکشن میں سینیٹ اور قومی اسمبلی کیلئے چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ اور سینیٹر شیری رحمان کو آصف علی زرداری کی پولنگ ایجنٹ مقرر کیا گیاتھا جبکہ سینیٹر شفیق ترین  محمود خان اچکزئی کے پولنگ ایجنٹ تھے۔

 پنجاب اسمبلی کے نتائج 

پنجاب اسمبلی میں پریذائیڈنگ آفیسرنثار درانی نے صدارتی الیکشن کے انتخاب کا باقاعدہ اعلان کر دیا۔

حکمران اتحاد کے امیدوار آصف علی زرداری نے پنجاب اسمبلی سے 246 ووٹ حاصل کئے۔جبکہ سنی اتحاد کونسل کے امیدوار محمود خاں اچکزئی صرف 100 ووٹ ہی حاصل کر سکے،6 ووٹ مسترد کر دئیے گئے۔

 صدارتی امیدوار کے پولنگ ایجنٹوں کی موجودگی میں حتمی نتائج کا اعلان کیا گیا۔پریذائیڈنگ آفیسر نے حتمی نتائج دونوں امیدواروں کے پولنگ ایجنٹس کے حوالے کر دئیے۔

صدارتی انتخاب کیلئےالیکٹرول کالج کے مروجہ فارمولے کے تحت پنجاب اسمبلی پولنگ اسٹیشن کے نتائج  کے مطابق حکومتی اتحاد کے آصف علی زرداری نے 43.157 ،سنی اتحاد کونسل کے  محمود خان اچکزئی نے 17.54 ووٹ حاصل کئے۔

پنجاب اسمبلی میں کل 353 ممبران میں سے 352نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا ۔تحریک لبیک نے پنجاب اسمبلی میں صدارتی الیکشن میں ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔

پنجاب اسمبلی میں الیکشن کمیشن کے ممبر نثار درانی نے بطور پریذائیڈنگ افسر نتائج کا اعلان کیا ۔

بلوچستان اسمبلی کےنتائج

بلوچستان اسمبلی سے حکمران اتحاد کے صدارتی امیدوار آصف علی زرداری نے 47جبکہ سنی اتحاد کونسل کے امیدوار نے کوئی ووٹ حاصل نہیں کیا۔

 پریذائیڈنگ آفیسرز چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ جسٹس نعیم اختر افغان نے نتائج کااعلان کیا ۔

بلوچستان اسمبلی  میں چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ نے پریذائیڈنگ افسر  کے فرائض سرانجام دیئے۔

خیبرپختونخوااسمبلی کےنتائج

خیبرپختونخوا اسمبلی سے سنی اتحاد کونسل کے امیدوارمحمود خان اچکزئی نے 91الیکٹورل ووٹ جبکہ حکمران اتحاد کے صدارتی امیدوار آصف علی زرداری نے 17ووٹ حاصل کئے۔

 خیبر پختونخوااسمبلی میں 109ارکان نے اپنا ووٹ کاسٹ کیا جس میں سے1ووٹ مسترد ہوا.

 خیبرپختونخوا اسمبلی کیلئے پشاور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس محمد ابراہیم نے  پریذائیڈنگ افسر  کے فرائض سرانجام دیئے۔

سندھ اسمبلی کےنتائج

سندھ اسمبلی میں پیپلزپارٹی کےصدارتی امیدوارآصف زرداری کو 151 ووٹ ملے،سنی اتحادکونسل کےامیدوارمحمودخان اچکزئی کو9ووٹ ملےجبکہ 1ووٹ مستردہوا۔